امریکی وزیر خارجہ جان کیری دو روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گے

John Kerry

John Kerry

اسلام آباد (جیوڈیسک) امریکی وزیر خارجہ جان کیری پاکستان کے دو روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گے۔ دفترخارجہ کے ذرائع کے مطابق امریکی وزیرخارجہ آج رات دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی وزیرخارجہ یکم اگست کی صبح دفتر خارجہ میں مشیرامور خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کریں گے، اس کے بعد جان کیری نواز شریف سے وزیر اعظم ہاوس میں ون آن ون ملاقات کریں گے جس کے بعد جان کیری کی وزیر اعظم اور دیگر اہم وزرا سے وفود کی سطح پر ملاقات ہو گی۔

ذرائع کے مطابق جان کیری کی صدر زرداری اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ ملاقاتیں بھی طے کی جا رہی ہیں جبکہ امریکہ واپسی سے قبل وہ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے بھی ملاقات کریں گے۔امریکی سفارتخانے کے مطابق امریکہ ڈرون حملوں پر پاکستان کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جان کیری اپنے دورے کے دوران اسلام آباد کے ایک گرڈ سٹیشن اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کا دورہ بھی کریں گے۔ مسلم لیگ نواز کے سیاسی ناقدین کا کہنا ہے کہ جان کیری کا دورہ ڈرون حملے رکوانے، عافیہ صدیقی کو رہائی دلوانے اور امریکہ کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات استوار کرنے کی دعویدار جماعت کی سفارتکاری کا امتحان ہے۔