یو اے ای :کرونا وائرس کے 45 ہزار نئے ٹیسٹ ،475 کیسوں کی تشخیص

UAE - Coronavirus

UAE – Coronavirus

یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 45 ہزار نئے ٹیسٹ کیے ہیں۔ان میں سے 479 افراد کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

یو اے ای کی وزارت صحت کے مطابق اب کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 40986 ہوگئی ہے۔وزارت نے جمعرات کو 1217 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی بھی اطلاع دی ہے جس کے بعد تن درست ہونے والے مریضوں کی کل تعداد 25234 ہوگئی ہے۔

اس طرح اب یو اے ای میں کووِڈ-19 کے کل فعال کیسوں کی تعداد 15466 رہ گئی ہے۔کرونا وائرس کا شکار دو افراد پیچیدگیاں پیدا ہونےکی وجہ سے دم توڑ گئے ہیں اور اب کل اموات کی تعداد 286 ہوگئی ہے۔

اماراتی حکومت نے حال ہی میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کےلیے عاید کردہ بہت سی پابندیوں میں نرمی کردی ہے،اس کے باوجود وزارت صحت شہریوں اور مکینوں پر مسلسل یہ زور دے رہی ہے کہ وہ اس مہلک وائرس سے بچاؤ کے لیے پیشگی حفاظتی تدابیر اختیار کریں،چہرے پر ماسک پہن کررکھیں اور عوامی مقامات پر سماجی فاصلہ اختیار کریں۔

امارات کی وزارت صحت کی خاتون ترجمان ڈاکٹر فریدہ الحوسنی نے بدھ کو ایک نیوز بریفنگ میں کہا کہ’’ہمیں ضعیف العمر افراد اور خطرے سے دوچار افراد پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ہمیں انھیں یہ مشورہ دیں گے کہ وہ سماجی فاصلہ اختیار کریں اور عوامی مقامات پر جانے سے گریز کریں۔‘‘

اماراتی حکومت کی ترجمان ڈاکٹر آمنہ الشمسی نے الگ سے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے ملک اور دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں اضافہ یا کمی کا انحصار دوسرے عوامل کے علاوہ اس بات پر بھی ہے کہ وہ کہاں تک احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا:’’کیسوں کی تعداد میں کمی کو اس بات کا اشارہ نہیں سمجھا جانا چاہیے کہ کووِڈ-19 کے پھیلاؤ پر قابو پا لیا گیا ہے۔‘‘