بینظیر قتل کیس: پرویزمشرف کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

راولپنڈی (جیوڈیسک)راولپنڈی نڈی بے نظیر قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرپول نے چار مرتبہ عدم ثبوت پر گرفتاری سے انکار کیا،کسی ایک گواہ نے آج تک پرویز مشرف کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔

راولپنڈی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بے نظیر قتل کیس میں درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرپول کو مشرف کی گرفتاری کے لیے چار درخواستیں دیں لیکن انٹر پول نے عدم ثبوت پر گرفتاری سے انکار کیا۔

سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ قتل کی تفتیش کرنا پولیس کا کام ہے۔ایف آئی اے کے دائرہ اختیار میں نہیں،کیس میں چوبیس گواہوں کے بیانات مکمل ہو چکے ہیں، کسی ایک گواہ نے آج تک پرویز مشرف کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔بینظیر کا پوسٹمارٹم نہ کرانے کا فیصلہ آصف زرداری نے کیا۔

مشرف پر ذمہ داری عائد نہیں کی جا سکتی۔سلمان صفدر کے دلائل کے دوران پراسیکیوٹر چودھری اظہر نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے ،وکیل صفائی کے ایسے دلائل توہین عدالت کے مرتکب ہیں۔عدالت نے دونوں طرف کے دلائل سننے کے بعد درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا