امریکا، کینیڈا اور برازیل میں برفانی طوفان اور بارشیں، 61 ہلاک

Snow Storm

Snow Storm

نیویارک (جیوڈیسک) شمال مشرقی امریکا اور جنوب مشرقی کینیڈا برفانی طوفان کے باعث اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے۔ بجلی کی سپلائی بحال کرنے کے لیے اہلکار دن رات مصروف ہیں۔ بحالی میں مزید دو دن لگ سکتے ہیں۔

امریکا میں برفانی طوفان کے باعث ہیٹر کا استعمال کئی افراد کو موت کی نیند سلا گیا۔ خراب موسم کے باعث پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔ برطانیہ اور فرانس میں بھی خراب موسم کے باعث پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

برطانیہ میں شدید موسم کے باعث 5 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ دریائوں میں شدید طغیانی آ گئی۔ متعدد علاقوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی۔ برطانیہ کرسمس کے موقع پر ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہیں۔

یو کے پاور نیٹ ورکس کے مطابق انگلینڈ کے جنوبی علاقے میں تقریبا ڈیڑھ لاکھ سے زائد گھروں کو بجلی کی فراہمی منقطع ہے۔

ٹرینوں اور پروازوں کی آمدورفت متاثر ہونے کی وجہ سے ہزاروں افراد کو مشکلا ت کا سامنا ہے۔ طوفانی تیز ہوا کے باعث بہت سے درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے۔ برازیل میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی۔ سیلاب کے باعث 32 افراد ہلاک اور 50 ہزار سے زائد بے گھر ہو گئے۔ برازیل کی دو ریاستوں میناس جریاس اور ایسپریٹو سانٹو میں سیلاب کے باعث 50 ہزار سے زائد افراد اپنے آبائی گھر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

نشیبی علاقے مکمل طور پر زیر آب آ چکے ہیں۔ تعلیمی ادارے اور تمام سرکاری عمارتوں میں متاثرین کے لیے میڈیکل کیمپس اور خیمہ بستیوں کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔ طوفانی بارشوں کی وجہ سے 32 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ برازیل کی صدر ڈلما روسوف نے عالمی امداد کی اپیل کرتے ہوئے جلد از جلد اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔