وادی تیراہ سے نقل مکانی کرنیوالوں کی واپسی کیلئے انتظامات شروع

Arrangements

Arrangements

پشاور (جیوڈیسک) آپریشن کے باعث نقل مکانی کرنے والے تیراہ کے آئی ڈی پیز کے لئے خوشخبری ہے کہ وہ جلد ہی اپنے علاقوں کو واپس جاسکیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ارشد خان نے ذرائع کوبتایا کہ خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں قیام امن کے بعد نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی واپسی کے لئے انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں۔ ارشد خان نے بتایا کہ تیراہ میں آپریشن کے باعث سترہ ہزار سے زیادہ خاندانوں نے نقل مکانی کی تھی۔ جن کی واپسی کے لئے بین الاقومی اداروں کا وفد جلد تیراہ کا دورہ کرے گا اور وہاں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لے گا۔

انہوں نے بتایا کہ وفداپنی رپورٹ یو این ٹاسک فورس کے پاس جمع کرائے گا جو متاثرین کی واپسی کا حتمی فیصلہ کرے گا۔جلوزئی اور توغ سرائے کیمپ میں مقیم آئی ڈی پیز کو رمضان کیلئے اشیا خوردونوش پر مشتمل امدادی پیکیج دیا جائے گا۔ چیف کوارڈی نیٹر پروانشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی فیض محمد نے ذرائع سے گفتگو میں بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے نوشہرہ کے جلوزئی کیمپ اور ہنگو کے توغ سرائے کیمپ میں مقیم متاثرین کیلئے غذائی اجناس بھیجی ہیں۔

جو رمضان المبارک سے پہلے متاثرین میں تقسیم کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ غذائی اجناس کے 28 ہزار پیکٹس جلوزئی اور توغ سرائے کیمپ میں مقیم تیرہ ہزار سے زیادہ خاندانوں میں تقسیم کیئے جائیں گے۔ غذائی اجناس میں چاول، گھی، چائے، چینی اور دالیں شامل ہیں۔