گاڑیوں کی ایمنسٹی سکیم میں نوٹ کمائے گئے: شعیب سڈل

Shoaib Siddle

Shoaib Siddle

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد وفاقی ٹیکس محتسب شعیب سڈل نے انکشاف کیا ہے کہ گاڑیوں کی ایمنسٹی سکیم میں کھلے نوٹ کمائے گئے۔ 61 شناختی کارڈز پر 1450 قیمتی گاڑیاں کلیئر ہوئیں۔ ملک سے باہر موجود گاڑیوں کی رجسٹریشن بھی کر دی گئی۔

وفاقی ٹیکس محتسب نے گاڑیوں کی ایمنسٹی سکیم میں کرپشن کا انکشاف اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر نے سمگل شدہ گاڑیاں رجسٹرڈ کرنے پر 100 فیصد تک ڈیوٹی معافی کی۔ سکیم سے متعلق ایس آر او میں بھی بار بار تبدیلی کی گئی۔

سکیم تین سال تک پرانی گاڑیوں کیلئے تھی لیکن پندرہ سے بیس سال پرانی گاڑیاں بھی کلیئر کر دی گئیں۔ 61 شناختی کارڈ ز پر 1450 قیمتی گاڑیاں کلیئر ہوئیں۔ شعیب سڈل نے بتایا کہ پشین سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے اپنے شناختی کارڈ پر 52 گاڑیاں کلیئر کرائیں۔ حکام کی ملی بھگت سے جاپان میں کھڑی گاڑیوں کو بھی کلیئر کیا جاتا رہا۔