ملتان (جیوڈیسک) ملتان صدر آصف علی زرداری نے مختصر دورے کے دوران ملتان میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ان کے بیٹے کے اغوا پر ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین کی حیثیت سے یوسف رضا گیلانی کے استعفے کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔
صدر آصف علی زرداری مختصر دورے پر ملتان پہنچنے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کے اغوا پر ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے یوسف رضا گیلانی کو پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین کی حیثیت سے استعفی واپس لینے پر آمادہ کرنے کی کوشش بھی کی۔ سابق وزیراعظم نے صدر مملکت کو عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کی شکست کی وجوہات سے آگاہ کیا۔ صدر آصف زرداری نے یوسف رضا گیلانی کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔