ویانا مذاکرات ناکام، مغربی سفارت کاروں کے مطابق ایرانی مطالبات مایوس کن ہیں

Vienna Talks

Vienna Talks

ویانا (اصل میڈیا ڈیسک) مغربی سفارت کاروں کے مطابق ایران نے ویانا میں ابتدائی معاہدے کے متن میں بڑی تبدیلیوں کا مطالبہ کر دیا ہے ،،، جو ایک مایوس کن امر ہے۔

سفارت کاروں نے بتایا کہ ویانا بات چیت کے حالیہ دور میں ایران کے مطالبات “تشویش” اور “مایوسی” کا باعث ہیں۔ سفارت کاروں کا کہنا تھا کہ “ایران نے ویانا بات چیت میں ایک خلیج پیدا کر دی ہے اور ہمیں نہیں معلوم کہ اس کا کیا علاج ہو گا”۔

اس سے قبل فرانسیسی صدر عمانوئل ماکروں نے بتایا تھا کہ ویانا میں ایران کے ساتھ مذاکرات کا حالیہ دور کامیاب نہیں رہا۔ انہوں نے مستقبل قریب میں بات چیت کے دوبارہ شروع ہونے کو خارج از امکان قرار دیا۔ ویانا مذاکرات میں چین کے مندوب کا کہنا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے بات چیت کا ایک اور دور آئندہ ہفتے کے وسط میں منعقد ہو گا۔

اس سے قبل خبروں سے متعلق امریکی ویب سائٹ AXIOS نے مغربی مذاکرات کاروں کے حوالے سے بتایا تھا کہ ایرانی وفد نے پابندیاں اٹھانے کے لیے سخت گیر مطالبات پیش کیے۔ اسی طرح انہوں نے جوہری معاہدے کے تحت تہران کی پاسداری میں نرمی کا بھی مطالبہ کیا۔

مغربی مذاکرات کاروں نے اپنے ایرانی ہم منصبوں کو آگاہ کر دیا کہ ان کی پیش کش غیر سنجیدہ اور ناقابل قبول ہے۔