ویانا میں سعودی مندوب کی روسی اور امریکی نمائندوں سے اہم ملاقاتیں

Meeting

Meeting

آسٹریا (اصل میڈیا ڈیسک) آسٹریا کے صدر مقام ویانا میں بین الاقوامی تنظیموں کے یہاں تعینات سعوی عرب کے مستقل مندوب شہزادہ عبداللہ بن خالد بن سلطان نے جمعے کو پہلے روسی مندوب اور اس کے بعد امریکی ایلچی برائے ایران روبرٹ میلی سے ملاقات کی-

تفصیلات کے مطابق سعودی مندوب نے گذشتہ روز فرانسیسی وفد کے سربراہ فلپ ایریرا سے بھی ملاقات کی تھی- شہزادہ عبداللہ بن خالد نے روسی مندوب سے ملاقات کرکے ایران کے ایٹمی پروگرام پر ہونے والے مذاکرات کی تازہ صورتحال دریافت کی

روسی مندوب نے ٹویٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر بتایا کہ انہوں نے سعودی مندوب کے ساتھ خلیج کے علاقے میں امن وامان کے مطالبے کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا- شہزادہ عبداللہ بن خالد نے اس سے قبل کہا تھا کہ سعودی عرب ویانا مذاکرات اور وہاں ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات پر نظر رکھے ہوئے ہے-

یاد رہے کہ ایران، برطانیہ، فرانس، جرمنی، چین اور روس کے ساتھ ایٹمی مذاکرات کر رہا ہے- امریکہ مذاکرات میں بالواسطہ طریقے سے شامل ہے- اپریل 2021 میں مذاکرات کا پہلا دور منعقد ہوا تھا- جون میں مذاکرات کا سلسلہ معطل ہونے سے قبل 7 دور منعقد ہو چکے تھے-

مذاکرات کا نیا سلسلہ نومبر میں دوبارہ شروع ہوا- تاہم متعلقہ فریق اب تک ایٹمی معاہدے کی بحالی کی راہ میں درپیش تمام رکاوٹیں دور کرنے کے فارمولے پر متفق نہیں ہوسکے ہیں-