ورلڈ ٹی 20 : بنگلہ دیش میں مشکوک افراد کی سرگرمیوں کا انکشاف

Bangladesh

Bangladesh

ڈھاکا (جیوڈیسک) آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے دوران بنگلہ دیش میں مشکوک افراد کی سرگرمیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ مبینہ بھارتی بکی کو پولیس نے تیسری مرتبہ دھر لیا، اس بار بھی جوئے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا، قبل ازیں اتانو دتا 2 بار ضمانت پر حوالات سے باہر آ چکا، پولیس کے مطابق اس کا تعلق بھارت کے بڑے بیٹنگ سنڈیکیٹ سے ہے۔

تفصیلات کے مطابق اتانو دتا کئی مرتبہ بنگلہ دیش آچکا اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا ہے، اسے مقامی پولیس نے ایک ماہ سے بھی کم وقت میں اب تیسری مرتبہ حراست میں لے لیا،اس بار اتانو کی بنگلہ دیش آمد اس وقت ہوئی جب سری لنکن ٹیم یہاں ٹور پر آئی،اس کے بعد بکی نے یہیں پر ڈیرے ڈال دیے، ایشیا کپ کے بعد وہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے دوران بھی مشکوک سرگرمیوں میں ملوث رہا، اس بار بھی اسے اسی بنیاد پر گرفتار کیا گیا، پولیس نے سیکشن 54 کے تحت اسے حراست میں لیا جس کے لیے وارنٹ گرفتاری کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اتانو دتا جوئے میں معاونت کے جرم میں بنگلہ دیش میں گرفتار ہونے والا پہلا بھارتی ہے۔