دنیا کی مفت سیر کریں، بشرطیکہ

Canadian

Canadian

کینیڈا (جیوڈیسک) ایک شہری کسی بھی خاتون کو دنیا کے سفر کا مفت ٹکٹ دینے کے لیے تیار ہے، بشرطیکہ اس کا نام الزبتھ گیلاگر ہو۔ جورڈن ایکسینی نامی مرد کی اس سال مارچ میں اپنی گرل فرینڈ الزبتھ گیلاگر سے دوستی ختم ہو گئی تھی۔

دوستی ختم ہونے سے قبل جورڈن نے دنیا کا سفر کرنے کے لیے دو ٹکٹیں خریدی تھیں۔ اب وہ چاہتے ہیں کہ اسی نام کی کوئی خاتون ان کے ہمراہ دنیا کے سفر پر چلے تاکہ وہ ٹکٹ ضائع نہ ہوں جورڈن کا کہنا ہے کہ ٹکٹ پر نام تبدیل کروانے میں کافی دقت ہو گی اور منسوخی پر رقم ضائع ہو گی۔

جورڈن نے جس سفر کی ٹکٹ بک کروائی ہیں اس میں یورپ، امریکہ اور بھارت شامل ہیں۔ سفر کے دوران وہ میلان، پراگ، پیرس، نیویارک اور دہلی میں رکیں گے۔ اس سفر کے لیے ٹکٹیں دسمبر اور جنوری کے لیے بک کرائی گئی ہیں جورڈن نے اس بارے میں ریڈاٹ نامی سماجی ویب سائٹ پر اشتہار دیا ہے۔

جورڈن نے لکھا ہے ’مجھے آپ کی مدد چاہیے۔ میں نے مارچ میں کرسمس کے لیے اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ ٹکٹیں بک کرائی تھیں۔ ہمارا اب رشتہ ختم ہو گیا ہے اور میں اب بھی اس سفر پر جانا چاہتا ہوں۔‘

ان کا مزید کہنا ہے ’میں یہ ٹکٹیں منسوخ نہیں کرانا چاہتا۔ اس لیے میں ایک کینیڈین خاتون کی تلاش میں ہوں جن کا نام الزبتھ گیلاگر ہو اور جو میرے ساتھ سفر پر جائیں۔‘ جورڈن نے بی بی سی کو بتایا کہ اس اشتہار کے بعد سے الزبتھ نامی خواتین کی درجنوں ای میل موصول ہوئی ہیں لیکن انھوں نے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

اشتہار میں جورڈن نے اپنے آپ کو 28 سال کا ایک نارمل انسان بیان کیا ہے جو اس ٹکٹ کے بدلے میں خاتون سے کچھ نہیں چاہتا۔ ’میں نہ تو کوئی رومانس چاہتا ہوں، نہ ہی مشہور جگہوں کے سامنے اس خاتون کے ساتھ سیلفی۔‘