عالمی ادارہ صحت نے ایبولا وائرس کو صحت کی عالمی ایمرجنسی قرار دیدیا

Ebola Virus

Ebola Virus

برن (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے عالمی ادارہ صحت نے مغربی افریقہ سے پھیلنے والے وائرس ایبولا کو صحت کی عالمی ایمرجنسی قرار دے دیا۔ ادارے کے حکام نے انتباہ جاری کیا ہے۔

کہ وائرس کی شدت کے باعث اس کے ممکنہ نتائج سنگین ہو سکتے ہیں۔ یہ انتباہ سوئٹزرلینڈ میں ماہرین کے ایک ہنگامی اجلاس کے بعد کیا گیا۔ رواں برس اب تک مغربی افریقہ میں ایبولا وائرس سے 930 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ وائرس کا پھیلاؤ ایک غیرمعمولی واقعہ ہے اور اس کے دیگر ممالک میں پھیلنے کے نتائج بہت سنگین ہو سکتے ہیں کیونکہ اس وائرس میں پھیلنے کی صلاحیت بہت زیادہ ہے۔

اپنے بیان میں عالمی ادارہ صحت نے مزید کہا کہ ایبولا کے عالمی سطح پر پھیلاؤ کو روکنے کیلئے فوری طور پر عالمی ردعمل کی ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ یہ وائرس جنوبی افریقہ سے سعودی عرب اور سپین میں بھی پہنچ چکا ہے۔

ایبولا وائرس کی علامات میں بخار، خون آنا اور مرکزی اعصابی نظام تباہ ہونا شامل ہیں۔ وائرس کی علامات 2 سے 21 دن کے اندر ظاہر ہوتی ہیں۔ قے اور دست کی صورت میں جسم میں پانی کی کمی پوری کرنے سے مریض کی صحت بحال کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس وائرس کے علاج کے لئے تاحال کوئی ویکسین نہیں بنائی جا سکی۔