عالمی منڈی کے زیر اثر پاکستان میں سونے کی قیمت مزید نیچے ا گئی

Gold

Gold

پاکستان (جیوڈیسک) پاکستان میں شادیوں کا سیزن آپہنچا ہے۔ سونے کی عالمی اور مقامی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ عوام کیلئے خوشخبری یہ ہے کہ پاکستان میں فی تولہ سونا نو سو روپے مزید سستا ہو گیا۔ آل سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق جمعے کو بلین مارکیٹ میں عالمی منڈی کے حساب سے فی اونس سونے کے ریٹ بارہ سو بانوے ڈالر پر کھولے گئے جو گذشتہ روز سے بتیس ڈالرکم ہیں۔

جس کے بعد ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت نو سو روپے کم کر کے 51700 روپے کر دی گئی۔ اسی طرح دس گرام سونے کے دام 771 روپے کم ہو کر 44314 روپے پرآگئے۔ سونے کی فی تولہ قیمت میں سات روز کے دوران 2300 روپے کمی ریکارڈ کی جاچکی ہے۔ شادیوں کیلئے زیورات بنوانے والے صارفین سونے کی قیمتوں میں کمی پر خوش نظر آرہے ہیں۔