زیڈ اے نظامی اورتاج محمد لنگا انتقال کر گئے

ZANizami

ZANizami

کراچی (جیوڈیسک)سرائیکی عوام کے حقوق کے لئے گراں قدر خدمات انجام دینے والیتاج محمد لنگا انتقال کرگئے۔ان کی نماز جنازہ کروڑپکا میں ادا کی جائے گی۔سرسید یونیورسٹی کے چانسلر زیڈ اے نظامی بھی کراچی میں چل بسے ان کی نماز جنازہ کلفٹن میں ہوگی پاکستان سرائیکی پارٹی کے سربراہ بیرسٹرتاج محمد لنگا بہتر سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔وہ انیس سو اکتالیس میں پیدا ہوئے۔ مرحوم کی زندگی کابڑاحصہ سرائیکی عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے میں صرف ہوا۔

سرائیکی عوام کی جداگانہ شناخت تسلیم کرانے کے لئے جدوجہد کا آغاز انیس سو ساٹھ سے ہوا۔ انیس سو اٹھاسی میں تاج محمد لنگا کی شمولیت نے تحریک میں نئی روح پھونک دی۔ ان کاسیاسی سفر طویل رہا وہ پینسٹھ کی جنگ کے بعد سیاست سے وابستہ ہوئے۔ پیپلزپارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل بھی رہے۔ الیکشن کے لئے تاج محمد لنگا کے کاغذات نامزدگی این اے ایک سو پچپن سے منظور ہوگئے تھے۔

دوسری جانب کراچی یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر اور سرسید یونیورسٹی کے چانسلر زیڈ اے نظامی کراچی کے نجی اسپتال میں چل بسے۔ ان کی عمر چوراسی سال تھی۔ انھوں نے تعلیم کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ ان کی خواہش تھی کہ پاکستان میں بین الاقوامی طرز کی تعلیم فراہم کی جائے۔ زیڈ اے نظامی ایک شفیق استاد اور بہترین مدرس تھے۔