امریکا ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرے، ولیم پیری

William Perry

William Perry

برلن : (جیو ڈیسک) سابق امریکی وزیر دفاع ولیم پیری نے کہا ہے کہ امریکہ کو چاہئے کہ وہ ایران کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات بحال کرے جو دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں۔ ایرانی خبر رساں ادارے کے ساتھ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایران ایک عظیم ملک ہے جس کی تاریخ ہزاروں سال پر محیط ہے، اگرچہ ایران کا ایٹمی پروگرام دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی میں ایک بڑی رکاوٹ ہے تاہم یہ دونوں ممالک کیلئے بہتر ہو گا کہ وہ اپنے سفارتی تعلقات بحال کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران کا ایٹمی مسئلہ فوجی طاقت کے بجائے سفارتی طریقہ سے حل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ امریکہ اور ایران کے درمیان اختلافات کے خاتمہ کیلئے براہ راست بات چیت کے حق میں ہیں۔ انہوں نے ایران کے ایٹمی مسئلہ کے حل کیلئے روس اور چین کے کردار کو بھی سراہا۔ واضح رہے کہ ولیم پیری فروری 1994 سے جنوری 1997 تک امریکی وزیر دفاع رہ چکے ہیں۔