اولمپکس مشعل کے سفر کا اختتامی دن

Olympics 2012

Olympics 2012

 

اولمپکس مشعل اب تک برطانیہ میں تقریبا آٹھ ہزار میل کا سفر طے کر چکی ہے   لندن میں دو ہزار بارہ کے

اولمپکس مقابلوں کے آغاز میں صرف ایک ہی دن باقی ہے اور اولمپکس دو ہزار بارہ کی مشعل کا ستر روزہ سفر اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔

 

جمعرات کو مشعل کے سفر کا آخری دن ہے اور اس سفر کے دوران اسے سینٹ پال کیتھیڈرل، ٹیٹ ماڈرن آرٹ گیلری اور شیکسپیئرگلوب تھیٹر میں لے جایا گیا ہے۔   آج ہی یہ مشعل برطانوی وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ ٹین ڈاننگ سٹریٹ اور اس کے بعد بکنگھم پیلس لے جائی جائے گی جہاں برطانوی شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج کیتھرین میڈلٹن کے ہمراہ مشعل کے استقبال کے لیے موجود ہوں گے۔   جمعہ کو اولمپکس کھیلوں کی افتتاحی تقریب کے لیے اولمپکس سٹیڈیم لے جائے جانے سے قبل مشعل کا آخری پڑا ہائیڈ پارک ہوگا جہاں ایک محفلِ موسیقی منعقد ہوگی۔   اولمپکس مشعل اب تک برطانیہ میں تقریبا آٹھ ہزار میل کا سفر طے کر چکی ہے اور جمعرات کو اس کے سفر کا آغاز کیمڈن کے علاقے سے ہوا جہاں سے اسے سینٹ پینکریاز سٹیشن اور پھر میلینیئم برج پر لے جایا گیا۔

جمعرات کو اداکار امیتابھ بچن کو بھی مشعل اٹھانے کا موقع ملا   اس سفر کے دوران بالی وڈ کے مشہور اداکار امیتابھ بچن کو بھی مشعل اٹھانے کا موقع ملا اور وہ ساتھ وارک کے علاقے میں اولمپک مشعل لے کر دوڑنے والی ٹیم کا حصہ بنے۔   بدھ کی شب امیتابھ بچن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ انہیں اولمپک مشعل اٹھانے کا موقع دے کر عزت دی گئی ہے اور یہ میرے اور میرے ملک کے لیے ایک قابل فخر بات ہے۔   ادھر اولمپکس میں فٹبال کے مقابلوں کا آج دوسرا دن ہے اور جمعرات کو مردوں کے مقابلوں کا آغاز ہو رہا ہے۔ ان مقابلوں کا افتتاحی میچ گلاسگو میں ہنڈارس اور مراکش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔