بیرون ملک پاکستانیوں پر 500فیصد حکومتی ٹیکس لگنے پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا چیف جسٹس سے اس جگا ٹیکس کے خاتمے کیلئے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ

راجن پور(محمد حنیف بلوچ سے) کیا ہم پاکستانی نہیں ؟کیا پاکستان کی معیشت میں ہمارا کلیدی کردار نہیں؟ بیرون ملک پاکستانیوں پر 500فیصد حکومتی ٹیکس لگنے پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا چیف جسٹس سے اس جگا ٹیکس کے خاتمے کے لئے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق دبئی میں مقیم پاکستانی شوکت رمدانی اور دیگر نے ہیلپ لائن میڈیا آفس میں آن لائن بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے بیرون ملک پاکستانیوں پر پانچ سو فیصد ٹیکس لگانا انتہائی ظلم ہے جس سے ہم اپنے پیاروں سے بات چیت بھی نہیں کر پاتے ایک تو ہم اپنی پاک دھرتی سے ،اپنے پیاروں سے ہزاروں میل دور وطن میں بڑھتی ہوئی غربت میں کمی کرنے کے لئے اپنے ملک کو اور اپنے خاندان کو خوشحالی کی طرف لے جانے کے لئے پردیس میں محنت کر رہے ہیں ہماری آس ،ہماری جدائی اور برسوں کے فاصلے ایک فون کال سے ختم ہوجاتے تھے۔

ہم اپنے پیاروں سے جب باتیں کرتے ہیں تو ہمیں اپنے وطن کی مہک سی آجاتی ہے ہمیں اپنے پیارے وطن کی جدائی اور اپنے عزیز رشتہ داروںسے بات کرنے سے ہماری جدائی کا غم کہیں حد تک ختم ہوجاتا ہے مگر حکومت کی طرف سے 500 فیصد اضافی ٹیکس لاگو کرنے سے ہم بہت پریشان ہیں اور ہمیں اپنے پیاروںسے بات کرنے میں کافی مشکلات کا سامنا ہے ہماری چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل ہے کہ وہ از خود نوٹس لیکر اس ظلم کو ختم کرائیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری پاکستانی میڈیا سے بھی اپیل ہے کہ وہ اس مسئلے کو ہائی لائٹ کر کے ہماری مشکلات میں آسانی پیدا کرنے میں ہماری مدد کریں۔کیونکہ ہم بھی پاکستانی ہیں ،ہم بھی ملکی معیشت میں بہتری کے لئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

شام کو پرندے بھی گھر واپس آجاتے ہیں مگر ہم برسوں کی جدائی کا غم اپنے سینے میں چھپائے ہوئے اپنے وطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا جذبہ لئے بیرون ِملک محنت کر رہے ہیں۔اس موقع پر ہیلپ لائن میڈیا سینٹر کے چئیرمین اے ڈی عامر،وائس چیئرمین محمد حسین گوپانگ،صدر حنیف بلوچ نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے اس مسئلے کو میڈیا کے ذریعے ضرور اجاگر کریں گے۔اور انکے اس مسئلے کو ضرور حل کروائیں گے۔