ساکھ خراب نہیں ہوئی، پیپلز پارٹی انتخابات میں سرپرائز دے گی: اعتزاز احسن

Aitzaz Ahsan

Aitzaz Ahsan

سپریم کورٹ بار(جیوڈیسک)پیپلز پارٹی کے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا وقت اٹھارہ مارچ تک ہے جس کے بعد بروقت انتخابات کروا دیے جائیں گے پارٹی کی ساکھ خراب ہونے کا تاثر غلط ہے پیپلز پارٹی الیکشن میں سرپرائز دے گی۔

چوہدری اعتزار احسن سپریم کورٹ بار کے انتخابات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ اصغر خان کیس کا فیصلہ خوش آئندہے تاہم اب اس پر شفاف انکوائری بھی ہونا چاہیے۔اس فیصلے سے آمریت کا دروازہ ہمیشہ کے لیے بند کر دیا گیا تاہم اسحاق خان اور صدر آصف علی زرداری کو ایک ساتھ ملانا غلط ہے ۔انھوں نے کہا کہ عدلیہ آزاد ضرور ہے مگر عقل کل نہیں ازخود نوٹس کا اختیار لامحدود ہے جس میں اپیل کی گنجائش بھی نہیں تاہم سپریم کورٹ بار کی نئی کابینہ کو کہوں گا کہ وہ ججز سے مل کر ازخود نوٹس کے معاملے کو دیکھیں۔

ملالہ کے معاملے پر پیپلز پارٹی نے واضح موقف اختیار کیا جبکہ دیگر جماعتیں ہچکچاہٹ کا شکار رہیں ۔سپریم کورٹ بار کے انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ با ر کے الیکشن میں سیاسی جماعتیں مداخلت کرتی ہیں ۔انھوں نے ایک بار پھر وکلا تحریک سے اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے گلہ بھی کیا کہ کل تک جو لوگ سابق چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر کے پیچھے نماز پڑھتے تھے وہ آج وکلاء تحریک کے چیمپئن بنے ہوئے ہیں۔