سوئس حکام کو خط کا نیا مسودہ تیار کر لیا گیا

Supreme Court of Pakistan

Supreme Court of Pakistan

حکومت نے سوئس حکام کو خط لکھنے کا نیا مسودہ تیار کر لیا ہے جسے کل سپریم کورٹ کے روبرو پیش کیا جائے گا۔

دنیا نیوز کے مطابق سوئس حکام کو لکھے جانے والے خط کا مسودہ قانونی ماہر وسیم سجاد کی سربراہی میں کمیٹی نے تیار کیا ہے جس میں اٹارنی جنرل عرفان قادر اور وزیر قانون فاروق ایچ نائیک بھی شامل تھے۔ خط کے مسودے میں سپریم کورٹ کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کو دور کیا گیا ہے۔ سوئس حکام کو لکھنے جانے والے خط کا مسودہ کل سپریم کورٹ کے روبرو پیش کیا جائے گا۔ واضع رہے آج حکومت کی جانب سے سوئس حکام کو لکھے گئے خط کا مسودہ سپریم کورٹ میں پیش کیا گیا تھا۔ خط کا مسودہ وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے عدالت میں پیش کیا۔ سوئس حکام کو خط کے مسودے کے ساتھ فاروق ایچ نائیک کو خط لکھنے کا اتھارٹی لیٹر بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔ مسودے میں سوئس مقدمات کی سابق کارروائی کا بھی ذکر کیا گیا۔ خط میں سوئس عدالت کا مکمل حوالہ نمبر نہ دینے پر سپریم کورٹ کی جانب سے اعتراض کرتے ہوئے کہا گیا کہ خط میں سوئس مقدلات کا مکمل حوالہ دیا جائے۔ بعد ازاں بنچ کے ججز تھوڑی دیر سماعت ملتوی کرتے ہوئے مشاورت کیلئے چیمبر میں چلے گئے۔ واپس آکر فاروق ایچ نائیک کی جانب سے سماعت ایک روز کیلئے ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی جسے منظور کرلیا گیا۔ فاروق ایچ نائیک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ خط میں چند معاملات سامنے آئے ہیں جس پر حکومت سے بات کرنا ضروری ہے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بنچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔