شام ، سیکورٹی فورسز کی کارروائی ، مزید 125 افراد ہلاک

Syria

Syria

شام میں سرکاری فوج کی باغیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ حمص اور دیگر شہروں میں ایک روز میں ہلاکتوں کی تعداد ایک سو پچیس تک پہنچ گئی ہے جبکہ ملک بھر میں حکومت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔غیر ملکی ایجنسی کے مطابق چوسٹھ افراد حمص کے شورش زدہ علاقے سے نکلنے کے دوران ہلاک ہوئے جبکہ سیکڑوں زخمی ہیں۔ حما اور شام کے دیگر علاقوں سے بھی لاشیں ملی ہیں۔

عرب نشریاتی اداروں کے مطابق شام میں سرکاری فوج کے خلاف مظاہرے بھی کیے جارہے ہیں۔ وزیر خارجہ ولید معلم کے مطابق شورش زدہ علاقوں میں کارروائی بند کردی گئی ہے اور وہاں پھنسے فوجیوں کونکالنے کی کوشش جاری ہے۔شام میں ہونے والے ریفرنڈم میں ستاون اعشاریہ چار فیصد عوام نے حق رائے دہی کا استعمال کیا اور نواسی فیصد لوگوں نے مسودے کو قبول کیا۔نئے آئین کے تحت شام کے صدر بشار الاسد دو ہزار اٹھائیس تک اس منصب پر فائز رہیں گے۔