صدر آج مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

Zardari

Zardari

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) صدر آصف علی زرداری آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔ آئندہ ہفتے پاک امریکا تعلقات کی پالیسی پیش کیے جانیکا امکان ہے۔ پارلیمانی سال کے اغاز پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت کا خطاب ایک ائینی تقاضا ہو تا ہے جس کے ذریعے صدر مملکت پارلیمنٹ کو اگلے سال کے لئے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے سب سے پہلے خطاب کا اعزاز سابق صدر ضیاء الحق کو حاصل ہوا اور انیس سو پچاسی میں دونوں ایوانوں سے خطاب کیا۔ صدر آصف علی زردای پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے مسلسل پانچویں مرتبہ خطاب کر کے ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔

صدر آصف علی زرداری نے صدر منتخب ہو نے کے بعد پہلا خطاب بیس ستمبر دو ہزار آٹھ کو کیا تھا جبکہ آخری خطاب بائیس مارچ دو ہزار گیارہ کو کیا۔

انیس سو پچاسی کے بعد صدرزرداری ساتویں صدر ہیں جو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے حکومت اس خطاب کو تاریخی اقدام قرار د ے رہی ہے۔ صدر کے خطاب کے ساتھ ہی پارلیمنٹ نئے پارلیمانی سال میں داخل ہو گی جبکہ قومی اسمبلی اپنے اخری پارلیمانی سال کا آغاز کرے گی۔

آئندہ عام انتخابات سے قبل موجودہ سیاسی اتار چڑھاؤ اور درپیش چیلنجز کے باعث صدر مملکت کے خطاب سے یقینا اہم توقعات وابستہ ہیں۔