ضلع گجرات کی پولیس اور ایلیٹ فورس کے جوان بہادر ہیں ان کی بدولت ہی ضلع بھر میں امن و امان قائم کیا گیا۔ندیم شہزاد

گجرات (جی پی آئی)ضلع گجرات کی پولیس اور ایلیٹ فورس کے جوان بہادر ہیں ان کی بدولت ہی ضلع بھر میں امن و امان قائم کیا گیا ، ان خیالات کا اظہار ایس پی ہیڈ کوارٹر ندیم شہزاد بخاری نے گزشتہ روز پولیس لائن گجرات میں ضلع بھر کے پولیس افسران اور میڈیا سے وابستہ افراد کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے سیالکوٹ روانگی سے قبل کہا کہ سرکاری ملازمین کے تبادلے معمول کی کاروائی ہوتی ہیں ، ضلع گجرات میں اپنی تعیناتی کے دوران بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے ، یہاں کے پولیس ملازمین کے ساتھ ساتھ عوام بھی پیار و محبت کرنے والے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ دوران ڈیوٹی عوام اور پولیس کے تعاون سے ہی جرائم پیشہ افراد کی بڑی تعداد گرفتارکی ، جس سے ضلع بھر میں امن و امان قائم کرنے میں مدد ملی ، پولیس ملازمین اور افسران اگر اپنی وردی کی پاسداری کریں اور حقیقی معنوںمیں اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں تو کوئی وجہ نہیں کہ امن و امان قائم نہ ہو ، وردی کی لاج رکھنا بھی عبادت ہے ، گجرات پولیس منافقت سے پاک ہے۔

مصالحت کے طریقہ کار کو فروغ دے کر ضلع بھر میں امن قائم رکھا جا سکتا ہے ، تا کہ جھوٹی ایف آئی آر درج نہ ہو اور نہ ہی بے گناہ افراد کو اس میں شامل کیا جائے، پولیس کو حقائق پر مبنی ایف آئی آر درج کرنی چاہیے ، تا کہ بے گناہ افراد کا اندراج نہ ہو اور دشمنیاں مزید نہ بڑھیں ، ایس پی نے کہا کہ گجرات کی عوام اور میڈیا باشعور ہے اور ان کی بدولت ہی آگاہی مہم کامیاب رہی اور جرائم پیشہ افراد پر بلاتفریق ہاتھ ڈالا ، کبھی بھی سائلین اور پولیس ملازمین کی حوصلہ شکنی نہیں کی عوام کی خدمت ہمار ا فرض ہے ، میڈیا اور پولیس ملکر کام کریںتا کہ اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جا سکیں اور جرائم کے خاتمہ کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے ، ایس پی نے اپنے خطاب کے دوران پولیس ملازمین کو جاری کیے گئے شو کاز نوٹس کو فائل کرنے کا اعلان کیا ، اور کہا کہ شوکاز نوٹس دینے کا مقصد ملازمین کو تنگ کرنا نہیں بلکہ ان کو ان کے فرائض یاد دلانا ہے ، ایس پی نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران میں نقد انعام بھی تقسیم کیا اور تمام حاضرین سے فرداً فرداً ملاقات کی۔