فلسطینیوں پر اسرائیل کے مظالم کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔چوہدری عابد رضا

کوٹلہ (ارب علی خان) فلسطینیوں پر اسرائیل کے مظالم کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے محصور و مظلوم فلسطینیوں پر ڈرون حملے رکوانے کیلئے سفارتی سطح پر فوری اقدامات کئے جانے چاہئیں اور عالم اسلام کو مکمل یکجہتی کے ساتھ اس مسئلہ پر آواز اٹھانی چاہیے۔ ہماری حکومت اسلامی نہیں تو مسلمانوںکی تو ضرور ہے مگر ہمارے حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی پر یقیناً عالم کفر کو بھی تعجب ہوگا۔ان خیالات کا اظہار سالارِ قافلہ چوہدری عابد رضا نے ڈیرہ کوٹلہ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم ایشو پر حکمران اتحادیوں کی خاموشی ثابت کرتی ہے کہ ان کا مینڈیٹ عوامی نہیں امریکا کا دیا ہوا ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دراصل ہمیں اپنا اور اپنے حریفوں کا موازنہ عوامی خدمت کے سیاق و اسباق میں نہیں کرنا چاہیے بلکہ عوام کو ان کا ماضی قریب یاد دلانا چاہیے جب یہ مشرف کی وفاداری میں قوم اور ملک کو بھول گئے تھے۔ عدلیہ کی تباہی میں یہ مشرف کے آلہ کار تھے سارے ملک کے وکیل عدلیہ کی بحالی کا مطالبہ کر رہے ہیں اور پنجاب کے چیف منسٹر پولیس اور جعلی وکیلوں کے ذریعے تحریک کو کچلنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے تھے۔ مشرف کی روشن خیالی کو عملی شکل دینے کیلئے عوام کی مخالفت کے باوجود انہوںنے پولیس کے حصار میں خواتین کی میراٹھن ریسیں کروائیں اور جامعہ حفصہ پر فوجی کاروائی پر انہیں ذرا بھی پشیمانی نہ ہوئی۔کیا قوم ان سے پوچھے گی کہ یہ قومی مفاد تھا یا کچھ اور۔اقتدار کیلئے یہ سب کچھ کر سکتے ہیں ان سے کچھ بھی بعید نہیں۔