مادھوری ڈکشت نے مجھے بھی اداکارہ بنا دیا، ماہرہ خان

Mahira Khan

Mahira Khan

فلم بول اور ہم ٹی وی کے کامیاب ترین ڈرامہ سیریل ہمسفرکی ہیروئن ماہرہ خان کا چہرہ فضائی لہروں کا جانا پہچانا چہرہ ہے۔ متعدد ٹی وی ڈراموں کے ذریعے وہ ہر گھر میں شہرت رکھتی ہیں۔ پچھلے دنوں انہوں نے اپنے فنی کیریئر سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف کیا۔

انہوں نے کہا آج اگر میں ایک کامیاب اداکارہ ہوں تو مجھے اداکارہ بنانے والی مادھوری ڈکشت ہیں۔۔۔ ان کی وہ شاندار پرفارمنس ہے جو انہوں نے 1989 میں اپنی فلمرام لکھن میں دی تھی۔ اسی فلم کے ایک گانے بڑا دکھ دینا او۔۔ رام جی۔۔ نے میرے دل پر ایسا اثر کیا کہ میں نے اسی وقت ایکٹنگ میں کیرئیر بنانے کا فیصلہ کرلیاتھا۔ فیصلہ بھی ایسا پختہ کہ جو پورا ہوکر رہا۔

پاکستان میں پرائیوٹ ٹی وی چینلز اور پرائیوئٹ پروڈکشنز کے ہاتھوں ڈرامے کا نیا جنم ہوا ہے۔ اس نئے جنم کے ساتھ ہی بہت سے نئے چہرے ڈرامے کی نئی تاریخ رقم کررہے ہیں اور ماہرہ خان کا نام ان چہروں میں سب سے نمایاں ہے۔ ہم ٹی وی کی تاریخ ساز سیریل ہمسفرمیں خرد کے رول کو ماہرہ نے کچھ اس انداز سے بنھایا کہ نہ صرف ان کے پرستار بلکہ ناقدین بھی ان کے فن کو داد دئیے بغیر نہ رہ سکے۔

ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ گو کہ انہوں نے بطور ویڈیو جوکی سولہ سال کی عمر میں شوبز کی دنیا میں قدم رکھ دیا تھا لیکن ان کا ارادہ کبھی بھی اداکارہ بننے کا نہیں تھا۔وہ کہتی ہیں فلم رام لکھن میں مادھوری کی پرفارمنس دیکھ کر میں نے اپنی امی سے کہا کہ میں بھی ایسا ہی کام کرنا اور ٹی وی پر آنا چاہتی ہوں۔۔بس یہی لگن مجھے ڈراموں میں لے آئی

ماہرہ ڈائریکٹر شعیب منصور کی فلم بول میں لیڈنگ رول کر چکی ہیں ۔ اسی رول نے انہیں بھارت سمیت بیرون ملک منفرد پہچان بخشی۔

انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ نئی نسل کے ہیرو رنبیر کپور اور ایکٹریس ودیابالن کی پرستار ہیں لیکن وہ خود بالی ووڈ انڈسٹری میں قدم رکھنے کی خواہشمند نہیں۔ وہ کہتی ہیںپاکستان میں جس طرح کا اسٹارڈم ٹی وی کے ذریعے مجھے ملا میں اس پر خوش اور مطمئن ہوں۔بالی وڈ ایکٹریس بننا کبھی بھی میرے لئے کشش کا باعث نہیں رہا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے راک اسٹار اور عشقیہ جیسی فلمیں بالی ووڈ میں ایک انقلاب کا سبب ہیں ۔ ان کے علاوہ بھی بھارت میں بہت سی اچھی اسکرپٹس پر کام ہوتارہا ہے ۔ ویسے بھی بھارت اچھی اسکرپٹس کا مرکز رہا ہے۔ وشال بھردواج کی فلمیں دیکھ لیں ، مجھے اس طرح کی فلمیں بہت اچھی لگتی ہیں لیکن پھر بھی ۔۔۔بالی ووڈ میری منزل نہیں۔