مصر : پارلیمان کا پہلا اجلاس آج ہوگا

Egypt Parliament

Egypt Parliament

مصر : (جیو ڈیسک) مصر میں سیاسی بحران پھر سر اٹھا رہا ہے۔ صدر محمد مرسی کے حکم پر بحالی کے بعد پارلیمان کا پہلا اجلاس آج ہو رہا ہے ۔ فوجی کونسل کا کہنا ہے ملکی آئین کا دفاع اور احترام ہر صورت یقینی بنانا ہوگا۔

صدارتی انتخاب میں کامیابی کے بعد محمد مرسی کی کوشش تھی کہ مکمل اختیارات کی حامل فوجی کونسل سے براہ راست محاذ آرائی سے بچا جائے ۔ اس کیلئے انہوں نے بیشتر اقدامات بھی کئے لیکن انہوں نے اتوار کو ایسا بیان دے ڈالا جس سے مصر ایک بار پھر عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

فوجی کونسل کے سربراہ نے آئینی عدالت کے حکم پر نومنتخب پارلیمان تحلیل کردی تھی لیکن صدر محمد مرسی نے پارلیمنٹ کی بحالی کا اعلان کر دیا جس سے فوجی کونسل اور آئینی عدالت کو نومنتخب صدر کے خلاف کارروائی کا نیا موقع مل گیا ہے۔ فوجی کونسل نے رات جاری ایک بیان میں دھمکی دی ہے ملکی آئین کا دفاع اور احترام ہر صورت کرنا ہوگا۔ پارلیمان تحلیل کر کے آئینی عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کیا گیا تھا۔ امید ہے تمام ریاستی ادارے آئین و قانون کا احترام کریں گے۔

دوسری جانب اخوان المسلمین اور فوجی کونسل کی مخالف جماعتوں نے محمد مرسی سے اظہار یک جہتی کا اعلان کیا ہے۔ قاہرہ کے التحریر سکوائر پر رات سے ہی لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ ان کا کہنا ہے وہ اپنے ووٹوں کے تحفظ کیلئے دوبارہ میدان میں آئے ہیں ۔