مظاہرے میں تشدد پر پولیس کمشنر کا تبادلہ

Mumbai Azad Maidan protests

Mumbai Azad Maidan protests

آزاد میدان پر پر تشدد ہجوم نے کئی گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیاتھا

بھارتی شہر ممبئی کے آزاد میدان پر مظاہرے کے دوران کیے جانے والے تشدد کے بعد تنقید کا نشانہ بننے والے پولیس کمشنر اروپ پٹنائک کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔

ان کی جگہ سینیئر پولیس افسر ستیہ پال سنگھ کو ممبئی کا نیا پولیس کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔

ریاست مہاراشٹر کے وزیر داخلہ آر آر پاٹل نے جمعرات کو دوپہر کے بعد اس کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اروپ پٹنائک کو ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سونپا گیا جو مہاراشٹر روڈ ڈیولپمنٹ میں کام کریں گے۔

گیارہ اگست کو ریاست آسام میں ہونے والے فسادات کے خلاف ممبئی کے آزاد میدان میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔

آزاد میدان میں ہزاروں افراد آسام میں ہلاکتوں کے خلاف مظاہرہ کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے اور دیکھتے ہی دیکھتے اس ہجوم نے تشدد کی راہ اپنا لی اور متعدد گاڑیوں میں آگ لگانے کے علاوہ کئی بسوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

اس پر پولیس نے حالات پر قابو پانے کے لیے ہوائی فائرنگ کی اور لاٹھی چارج بھی کیا۔ ان پرتشدد جھڑپوں میں کم از کم پچپن افراد زخمی ہوئے تھے جن میں سے دو نے بعد میں ہسپتال میں دم توڑ دیا۔

اس واقعے کے حوالے سے ممبئی کے پولیس کمشنر اروپ پٹنائک سمیت ریاستی حکومت پر سخت نکتہ چینی ہوتی رہی ہے۔

مظاہرہ کرنے والے مسلمان تھے جس کا اہتمام ممبئی کی رضا اکیڈمی نے کیا تھا۔ ہندو نظریاتی تنظیم شیو سینا اور ممبئی کی نو نرمان سینا نے اس کے لیے مسلم تنظیموں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

اس مظاہرے کے خلاف نو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے حال ہی میں اسی جگہ پر ایک اور ریلی کی تھی اور کہا تھا کہ جن افراد نے تشدد بھڑکایا وہ بھارتی نہیں بلکہ بنگلہ دیشی شہری ہیں۔

اس تشدد کے سلسلے میں پولیس نے درجنوں مسلم نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ لیکن شیو سینا کا کہنا ہے حکومت اس معاملے میں ناکام رہی ہے۔