شکاگو: نیٹو اجلاس کے موقع پر قبضہ کرو مہم جاری، سیکیورٹی سخت

Chicago

Chicago

شکاگو: (جیو ڈیسک) امریکی شہر شکاگو میں نیٹو کانفرنس اس وقت تمام دنیا کی توجہ کا مرکز ہے۔ کانفرس میں ایک طرف ساٹھ ممالک کے سربراہان مملکت ,میڈیا کے اراکین کی آمد تو دوسری طرف سینکڑوں وال سٹریٹ پر قبضہ کرو مہم چلانے والے کارکنوں کی آمد بھی جاری ہے۔ شکاگو کی طرف جانے والے جنگ مخالفین اب اپنی تحریک کو شکاگو پر قبضہ کرومہم کا نام دے رہے ہیں۔ نیویارک شہر سے خصوصی بسوں میں مظاہرین کا سفر شکاگو کی طرف جاری ہے جن کے ساتھ صحافی بھی شریکِ سفر ہیں۔

شکاگو سے آنے والی اطلاعات کے مطابق نیٹو کانفرس کی جگہ اور اس کے اطراف سمیت شہر بھر میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ شکاگو شہر کے میئر اور شہریوں کا کہنا ہے شہر میں ایسے سکیورٹی انتظامات پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئے ہیں۔ شہر کے شمال میں واقع مشہور بیس بال سٹیڈیم رگلی فیلڈ کے علاقے سے لیکر مشہور شکاگو جھیل اور اس سے متصل شاہراہ سمیت متعدد راستے کئی گھنٹوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں اور بعض جگہوں پر پولیس اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والے عملے کو بھی یہ راستے استعمال کرنے کی اجازت نہیں۔ شہر میں شکاگو پر قبضہ کرو کے نام سے جنگ مخالف، سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں، ان مظاہرین کو گرانٹ پارک کے علاقے اور ڈیلی پلازہ پر جمع ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔