وینیز ویلا کے صدارتی انتخابات ، حکومت اور اپوزیشن میں تصادم

venezuela election

venezuela election

وینیز ویلا (جیوڈیسک) وینیز ویلا کے صدارتی انتخابات کے سلسلے میں اپوزیشن رہنما ہنری کیو کیپرلز کے انتخابی مہم کے دوران ان کے حامیوں اور صدر ہیوگو شاویز کے حامیوں کے درمیان جھڑپ ہو گئی۔دونوں جانب سے ایک دوسرے پر پتھر پھینکے گئے، دو طرفہ پتھراو کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے جبکہ مشتعل افراد نے ایک کار کو نذر آتش کر دیا۔ ہنگامہ آرائی کے باعث پیرتو کیبلو سے ایئر پورٹ جانے والی مرکزی سڑک بند ہو گئی۔

مخالفین نے ایک دوسرے پر ہنگامہ آرائی کے الزام عائد کیے، واضح رہے کہ وینیزویلا میں صدارتی انتخابات اگلے مہینے کی سات تاریخ کو منعقد ہونگے جبکہ یکم جولائی سے باقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔انتخابی مہم کے دوران حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات کا سلسلہ جاری ہے، اپوزیشن رہنما کیپرلز نے اپنی انتخابی مہم میں صدر ہیوگو شاویز کی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے جبکہ شاویز حکومت نے الزام عائد کی ہے کہ مٹھی بھر اپوزیشن تشدد کو ہوا دے رہی ہے۔