پاکستان پوسٹ اپنے بنیادی نظریے ،خدمت ،دیانت اور امانت پر گامزن ہے۔ پوسٹ ماسٹر جی پی او

بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان پوسٹ اپنے بنیادی نظریے ،خدمت ،دیانت اور امانت پر گامزن ہے اور انہیں اصولوں کو لے کر پاکستان پوسٹ عوام کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے اب جدید ترین سہولیات جس میں بیرون ممالک سے رقوم منگوانے ،یوٹیلٹی بلز ،سیونگ ،بینکنگ اور ڈاک کے بہترین نظام پاکستان پوسٹ کی نیک نامی میں اضافے کا باعث بنے ہیں ان خیالات کا اظہار سینئر پوسٹ ماسٹر جی پی او بھمبر راجہ محمد عارف نے ڈپٹی پوسٹ ماسٹر مرزا مقصود حسین کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر الوداعی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ جی پی او کے ملازمین نے ہمیشہ اپنے فرائض منصبی احسن انداز سے نبھائے ہیں اور پاکستان پوسٹ کی ترقی اور خوشحالی کے موثر کردار ادا کیا ہے ریٹائرڈ ہونیوالے آفیسران آئندہ بھی پاکستان پوسٹ کے اہلکاران کی راہنمائی کرتے رہیں گے اس موقع پر جنرل پوسٹ ماسٹر اسلام آباد راجہ محمد منیر کا ریٹائر ہونے والے آفیسران کیلئے نیک تمناؤں کا پیغام بھی دیا گیا اس موقع پر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پوسٹل سروسز ،مرزا تصدق حسین ،واجد علی شاہ ،راجہ جاوید اختر ،ارشد محمود ،مظفر اقبال ،ظہیر عباس سمیت سٹاف ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔