پشاور: مسافر بس بم دھماکے کیلئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی

peshawar blast

peshawar blast

پشاور : (جیو ڈیسک)پشاور پولیس نے مسافر بس بم دھماکے کی تحقیقات کے لیے سات رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش مکمل کرلی۔پشاور چارسدہ روڈ دھماکے کا مقدمہ تھانہ دادزئی میں درج کرلیا گیا۔ جس میں دہشت گردی کی مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔ حکومت نے ایس پی انویسٹی گیشن دلاور بنگش کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے جس نے اپنا کام شروع کردیا ہے۔

دھماکے کا نشانہ بننے والی بس کے ڈرائیور اور زخمیوں کے بیانات قلم بند کرلئے گئے ہیں۔ کمیٹی نے جائے وقوع کا دورہ کر کے اہم شواہد جمع کرلئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پولیس نے ابتدائی تفتیش مکمل کرلی ہے جس کے مطابق دھماکا خیز مواد اس وقت رکھا گیا جب بس اسٹاپ پر کھڑی تھی۔

گزشتہ روز پشاور میں چارسدہ روڈ پرسرکاری ملازمین کو لے جانے والی بس پرحملے میں خواتین سمیت انیس افراد جاں بحق اور چالیس سے زائد زخمی ہوگئے۔سات سے آٹھ کلو دھماکہ خیز مواد بس میں نصب کیا گیا تھا۔