چوہدری محمد اکرم منہاس کی ڈی پی او سرگودھا سے ملاقات ، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کیا

سرگودھا ( بیورو رپورٹ ) پاکستان اوورسیز ایسوسی ایشن فورم انٹرنیشنل کے صدر چوہدری محمد اکرم منہاس نے گزشتہ روز ڈی پی او سرگودھا ڈاکٹر رضوان احمد سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور انہیں سرگودھا سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے آ گاہ کیا۔ اس ملاقات کے دوران پی او اے ایف انٹرنیشنل پاکستان چیپٹر کے چیف آرگنائزر چوہدری احمد ندیم گجر ، ڈی ایس پی انوسٹی گیشن جاوید اقبال وزیر ، ڈی ایس پی انوسٹی گیشن مہر احمد علی اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

چوہدری محمد اکرم منہاس نے اس موقع پر ڈی پی او ضلع سرگودھا ڈاکٹر عثمان احمد کو گزشتہ سال قتل ہونے والے نوجوان طاہر محمودچیمہ کے کیس کے حوالے سے غیر جانبدار انکوائری کرنے اور ملزم ناصر منیف قریشی کو سزا دلوانے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے خراج تحسین بھی پیش کیا اور کہا کہ ڈی آئی جی حبیب الرحمن ، ڈی پی او ڈاکٹر رضوان احمد اور ڈی ایس پی انوسٹی گیشن نے اس کیس میں بہت دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور آج طاہر محمود چیمہ کا قاتل جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہے۔ چوہدری محمد اکرم منہاس نے اس موقع پر ڈی پی او کو پی او اے ایف انٹرنیشنل کا تعارف کرایا اور گزشتہ ایک سال کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ضلع سرگودھا سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے لائحہ عمل کی تیاری ضروری ہے تاکہ ان اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد بحال ہوسکے اور وہ امن و امان کی ضمانت کے ساتھ ملک میں سرمایہ کاری کی طرف راغب ہو سکیں۔ اس موقع پر ڈی پی او ڈاکٹر عثمان احمد نے کہا کہ سرگودھا کی پولیس ضلع میں امن و امان کے قیام کو اولین ترجیح دیتی ہے اور میں نے ضلع بھر کی پولیس کو ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ کسی کے ساتھ نا انصافی نہ کی جائے۔ سائلین کی شکایات سن کر اس پر فوری ایکشن لیں تاکہ حقداروں کو ان کا حق مل سکے۔

ضلع سرگودھا کی بیرون ملک مقیم کمیونٹی اپنے ملک میں سر مایہ کاری کرے تاکہ ملک سے بے روزگاری ختم ہو سکے۔ انہوں نے پی او اے ایف انٹرنیشنل کی اب تک کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس طرح کے فورم خدمت خلق کے جذبے کے تحت میدان میںآجائیں تو اوورسیز پاکستانیوں کی شناخت بہتر ہو سکتی ہے۔