چیلنجز کا مقابلہ شعور اور تدبر سے کیا جائیگا۔ پیپلز پارٹی

Meeting

Meeting

اسلام آباد: (جیو ڈیسک) پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایک جانب نئے چیلنجز کا مقابلہ عظیم تر سیاسی شعور اور تدبر سے کیا جائے گا دوسری جانب سپریم کورٹ کے فیصلے سے چیلنجز کاآئین کی حدود میں رہتے ہوئے مؤثرجواب دیا جائے گا۔

ایوان صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ صدر زرداری اور وزیراعظم گیلانی کی صدارت میں ایوان صدر میں ہونے والے اس اجلاس میں وزیراعظم کے وکیل اعتزاز احسن نے اجلاس کو سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق مفصل طور پر آگاہ کیا۔ اجلاس میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ ایک منتخب وزیراعظم کو آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی قائم کرنے پر سزا سنائی گئی۔

اجلاس میں منختب حکومت اور متفقہ وزیراعظم کو ہٹانے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کے شرکا نے وزیراعظم سے مکمل اظہار یکجہتی کیا اور اعلان کیا گیا کہ یوسف رضا گیلانی ملک کے منتخب وزیراعظم ہیں اور ان کو صرف آئین میں دیے گئے طریقہ کار سے ہی ہٹایا جاسکتا ہے۔ وزیراعظم کی قانونی ٹیم کو کہا گیا کہ عدالت کے تفصیلی فیصلے کا جائزہ لیا جائے اور یہ مشورہ دیا جائے کہ فیصلے کے خلاف کب اپیل دائر کی جائے۔

اجلاس میں چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الہی، سینیٹر افراسیاب خٹک، ڈاکٹر فاروق ستار، بابر غوری، سینیٹر اسراراللہ زہری، منیراورکزئی، سینیٹر عباس آفریدی، خورشید شاہ، راجہ پرویز اشرف اور نوید قمر نے شرکت کی۔ اجلاس میں اتحادیوں نے آئین کا دفاع کرنے پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی اور اپنی حمایت کا یقین دلایا۔

صدر نے اس موقع پر سیاسی نظام کو مضبوط بنانے اور وزیراعظم کی حمایت پر اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔ صدر نے سیاسی طاقت حاصل کرنے کے بجائے قانون کی حکمرانی یقینی بنانے پر اتحادی ساتھیوں کو سراہا۔