ڈیرن سیمی کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھنا چاہیے،جمی ایڈمز

Adams

Adams

ویسٹ انڈیز: (جیو ڈیسک) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جمی ایڈمز نے ڈیرن سیمی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں، ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو انہیں مستقبل میں بھی ٹیم کا کپتان برقرار رکھنا چاہیے۔ ڈیرن سیمی نے 2010 میں کرس گیل کے بعد ٹیم کی قیادت سنبھالی تھی۔

اپنے ایک بیان میں جمی ایڈمز نے کہا کہ سیمی میں قائدانہ صلاحیتیں موجود ہیں اور ان کی قیادت میں پوری ٹیم متحد نظر آ رہی ہے، ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے ، ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ سیریز میں کارکردگی قابل ستائش رہی اور ایسی صورت میں انہیں کپتانی سے ہٹانا ٹھیک نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کیلئے ان کی خدمات حاضر ہیں اور اگر سیمی کو بھی ان کی ضرورت پڑی تو وہ ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ کی نمبر ایک ٹیم ہے اسے اس کی سرزمین پر شکست دینے کیلئے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں سے بڑھ کر کھیل پیش کرنا ہو گا۔ ان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی چیز نا ممکن نہیں ہوتی ہمارے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو میچ ونر ہیں اور اگر ہمارے کھلاڑی جلد انگلش کنڈیشنز سے آگاہی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تو ہم جیت سکتے ہیں۔