گجرات کی خبریں (جی پی آئی) 13-01-2013

علی اکرم فاروقی کی گزشتہ روز گورنر ہائوس لاہور میں گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود سے ملاقات

گجرات (جی پی آئی)گجرات چیمبر آف کامرس کے سینئر ممبر و چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی امپورٹ ایکسپورٹ علی اکرم فاروقی نے گزشتہ روز گورنر ہائوس لاہور میں گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود سے ملاقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ، ملاقات کے دوران علی اکرم فاروقی نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ موجودہ حالات کی وجہ سے گجرات کے کاروباری حلقے بے حد پریشان ہیں ، ان کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے ، خصوصاً گیس اور بجلی کی بندش سے کاروبار نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے اور گھروں کے چولہے تک بند ہونے کی نوبت آن پہنچی ہے ، انہوں نے گورنر پنجاب سے مطالبہ کیا گجرات کے صنعت کاروں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کیے جائیں تا کہ ان کا روزگار چلتا رہے ، گورنر پنجاب نے یقین دلایا کہ حکومت اس سلسلہ میں بھرپور تعاون کرے گی اور صنعت کاروں کے مسائل حل کیے جائینگے ، علی اکرم فاروقی نے گورنر پنجاب کو گرین ویلی گجرات کے دورے کی دعوت دی ، جو کہ انہوں نے قبول کر لی۔

۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی)بزم سلطان باہو کے زیر اہتمام نویں سالانہ عظیم الشان محفل نعت خوشبوئے حرم 15جنوری بروز منگل بعد از نماز عشاء محلہ ڈھکی قلعہ جنوبی پرانی تحصیل گجرات شہر میں منعقد ہو گی ، جس میں تلاوت کلام پاک کا شرف سید زین العابدین شاہ آف رانیوال سیداں حاصل کرینگے ، جبکہ نقابت کے فرائض خاور بشیر بٹ گولڑوی سرانجام دینگے ، ثناء خوانِ مصطفی ۖ سید علمدار حسین شاہ ، سید عمران افگن شاہ ، راجہ عبدالرئوف ہدیہ عقیدت کے پھول نچھاور کرینگے ، جبکہ خصوصی خطاب مولانا محمد عمران آسی آستانہ عالیہ سیالکوٹ کرینگے ، محفل نعت کی صدارت پیر سید زاہد حسین شاہ ترمذی آستانہ عالیہ ڈھینڈہ شریف ، پیر سید مدثر جبران ، پیر سید احمد شاہ زیب سجادہ بدر مرجان منعقد ہو گی ، جبکہ خصوصی آمد ایم این اے ملک محمد حنیف اعوان ، ملک افتخار احمد ایڈووکیٹ ، حاجی عبدالمجید ، نعیم صادق نعیم ، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری ، شیخ عرفان پرویز ، عامر چوہدری ، حکیم محمد دین ، ملک ظفر اقبال سونی ، مرزا گل نواز ، مرزا اکبر بیگ برلاس ، میاں وسیم صادق وسیم صراف ، نذر حسین ، قدوس ، شیخ محمد انور شرکت کرینگے ، یہ محفل زیر سرپرستی محمد سلیم صراف ، محمد نعیم صراف ، محمد وسیم صراف ، محمد عمر صراف ، احمد بٹ ، حاجی عتیق چاند ، محمد عامر زرگر اور حق باہو فائونڈیشن ضلع گجرات منعقد ہو گی۔
۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی)سانحہ کوئٹہ کے خلاف گجرات شہر میں احتجاجی مظاہرے ، تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین ، شیعہ علمائے کونسل ، حسینیہ ٹرسٹ کے زیر اہتمام گجرات شہر میں مختلف جگہوں پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے ، احتجاجی مظاہروں میں خواتین ، بچوں اور بوڑھوں نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ، اور سانحہ کوئٹہ کے خلاف زبردست نعرے بازی کی ، احتجاجی مظاہرین نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے ، اور مطالبہ کر رہے تھے کہ بلوچستان حکومت دہشت گردی کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ، اگر ان حکمرانوں سے دہشت گردی کنٹرول نہیں ہو سکتی تو وہ اقتدار سے الگ ہو جائیں اور اقتدار قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دیا جائے تا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ملک بھر میں جس طرح شیعہ کمیونٹی کودہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ، اگر اب بھی صوبائی اور وفاقی حکومتوں نے کوئی عملی اقدامات نہ کیے تو اسلام آباد کی طرف مار چ کیا جائیگا ، جس کو دنیا کی کوئی طاقت روک نہ سکے گی ، احتجاجی مظاہرین سے مولانا تنویر الحسن رضوی ، علی رضا جعفری ، مولانا ضیغم عباس بھٹی ، مولانا مظہر نقوی ، مولانا مختار حسین نقوی ، سید الطاف عباس کاظمی ، سید سرفراز جعفری ، سید اظہر نقوی ، ذوالفقار نقوی ، مظہر زیدی ، سید علمدار کاظمی ، مہر یوسف یعفور ،علی عباس ، ڈاکٹر طاہر عباس ، جاوید اقبال ، ذاکر طفیل حسین ، مولانا محسن عباس ، رانا مشرف علی ناز ، ناصر پپو شاہ و دیگر نے خطاب کیا ، گجرات شہر کی مختلف شاہرائوں پر مظاہرین نے احتجاج کیا اور جی ٹی روڈ ، بائی پاس روڈ بلاک کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا ، اس موقع پر ایس پی جاوید اقبال کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی ، احتجاج کا سلسلہ رات گئے تک جاری تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی)شیخ السلام علامہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کال پر لانگ مارچ کے سلسلہ میں ضلع گجرات میں مختلف جگہوں پر لانگ مارچ کے شرکا ء کو خوش آمدید کہنے کیلئے جی ٹی روڈ اور بائی پاس روڈ پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے جس میں تحریک منہاج القرآن سٹی و ضلع گجرات کے عہدیداران و ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی ، اس موقع پر استقبالیہ کیمپوں کی نگرانی کیلئے پولیس کی بھاری نفری موجود تھی ، جبکہ لانگ مارچ کے شرکاء گجرات میں اپنے مقررہ ٹائم پر نہیں پہنچ سکے ، جبکہ سارا دن سینکڑوں افراد ، خواتین اور بچے اپنے قائدین کے استقبال کیلئے کیمپوں میں موجود رہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی)ڈی پی او گجرات راجہ بشارت نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لانگ مارچ کے شرکاء کو سیکورٹی فراہم کی جا رہی ہے اور راستوں میں کسی بھی قسم کی رکاوٹیں کھڑی نہیں کی گئیں ، ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ چناب اور جہلم پل پر کنٹینرز لگا کر راستہ کو بند کر دیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے شرکاء کی حفاظت تحریک منہاج القرآن کی فورس کی ذمہ داری ہے جبکہ ہم بھی شرکاء کو ہر قسم کی سیکورٹی فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، کیونکہ حکومت پنجاب کی جانب سے جو ہدایات جاری کی گئیں ہیں اس پر عملدرآمد ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ، میڈیا سنسنی خیز خبروں سے گریز کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی)لانگ مارچ کے موقع پر گزشتہ 30گھنٹوں سے گجرات شہر سمیت ضلع بھر میں پٹرول پمپ بند ہونے سے ٹرانسپورٹروں سمیت عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، اس سلسلہ میں پٹرول کی بندش پر سرکاری اور غیر سرکاری طور پر ابھی تک وجوہات بیان نہیں کی گئیں ، یاد رہے کہ سی این جی کی ہفتہ وار ہڑتال کی وجہ سے تو عوام پریشان ہیں ہی لیکن پٹرول کی بندش سے بھی اب عام صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، اور پٹرول کی قلت کی وجوہات کوئی بھی بیان کرنے کو تیار نہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف کے راہنما فیضان خالد بٹ اور مہر شہباز فاضل نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں سانحہ کوئٹہ کی پر زور الفاظ میں مذمت کی ہے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں گزشتہ پانچ سالوں کے دوران سینکڑوں شیعہ کمیونٹی کے افراد کو لقمہ اجل بنایا گیا ، انتہائی افسوس کی بات ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریاں سرانجام نہیں دے سکے ، اور گورنر بلوچستان اور وزیراعلیٰ بلوچستان کو صوبہ کی امن و امان کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے ، اخلاقی طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے ، اور یہ قبول کرنا چاہیے کہ وہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں ، اور صوبہ نے گزشتہ پانچ سالوں میں کسی بھی قسم کی ترقی نہیں کی ، انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے تمام واقعات کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنما شیخ عمر اعجاز نے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ، اتحادی حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ مستعفی ہو کر بے یقینی کی اس صورتحال میں عام انتخابات کا اعلان کریں اور ملک میں دہشت گردی کو روکنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کریں انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے واقعات سے پاکستان ، دنیا بھر میں تنہا ہو گیا ہے ، اور عوام کو حکمرانوں نے بے یارو مدد گار چھوڑ دیا ہے ، موجودہ حالات کو میاں برادران ہی خوش اسلوبی سے حل کر سکتے ہیں اور ان کو تمام جمہوری پارٹیوں کی حمایت حاصل ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی)زیب سجادہ نشین آستانہ عالیہ آوان شریف و مہمدہ شریف صاحبزادہ پیر رضوان منصور آوانی نے گزشتہ روز لاہور میں گورنر ہائوس میں گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود سے خصوصی ملاقات کی ، ملاقات ایک گھنٹہ تک جاری رہی ، ملاقات میں پنجاب بھر میں خانگاہوں اور لنگر کی تقسیم کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا ، جبکہ مختلف مذہبی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، گورنر پنجاب نے پیر رضوان منصور آوانی سے آوان شریف و مہمدہ شریف دربار پر جلد حاضری دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا اور انہوںنے کہا کہ میں جلد ہی گجرات کا دورہ کروں گا اور پیر رضوان منصور آوانی کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز پر بھی غور کروں گا اور ان کو حل کرنے کی کوشش کروں گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔

گجرات(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے جی ٹی روڈ لالہ موسیٰ پر سانحۂ کوئٹہ کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے والے دھرنا کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحۂ کوئٹہ پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ یہ سفاکی اور درندگی کی انتہاء ہے۔ اس سانحہ کے ذمہ داران کو عبرتناک سزاملنی چائیے۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت سلامی پاکستان سید منور حسن لاھور دھرنا کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کے لئے موجود ہیں۔ اسی طرح کوئٹہ اور کراچی کے دھرنوں میں ہمارے وفود وہاں شریک ہیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ یہ ظالم اور مظلوم کا جھگڑاہے۔ اسلام دشمن قوتیں اس طرح فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرکے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ا نہوں نے کہا ہم ظالوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیواربن جائیں گے اور پاکستان میں امن و محبت کا ماحول بنائیں گے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ اگر ایک وقت میں 100،100جنازے اٹھیں گے تو لوگ وزیر اعلیٰ کی برطرفی کا مطالبہ نہیں کریں گے تو اور کیا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ٹولہ تحفظ دینے اور امن و امان قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ لیاقت بلوچ کے خطاب کے بعد سید نورالحسن شاہ نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔لیاقت بلوچ کے ہمراہ جماعت اسلامی کے ضلعی امیر ڈاکٹر سید احسان اللہ شاہ، جماعت اسلامی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر طارق سلیم،ضلعی جنرل سیکرٹری میاں شبیر احمد خاور، چوہدری عرفان احمد صفی، سیدضیاء اللہ ایڈووکیٹ، نائب امیر ضلع چوہدری محمدانور وڑائچ، چوہدری جاوید اقبال آف برنالی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری چوہدری بہادر خاں، سید حیدر علی شاہ اور دیگر راہنما بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔

چناب پل پر کسی بھی قسم کے کنٹینرز نہیں لگائے گئے :ڈی سی او
گجرات(جی پی آئی)ڈی سی او نوازش علی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ روکنے کے لئے ضلعی انتظامیہ نے دریائے چناب کے پل پر کنٹینرز کھڑے کر کے اسے بلاک نہیں کیا بلکہ جی ٹی روڈ پر دن بھر ٹریفک معمول کے مطابق چلتی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام اور مارچ کے شرکاء کی سکیورٹی یقینی بنانا ہے جس کے لئے پولیس اور انتظامیہ پوری طرح الرٹ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈی سی او گجرات نے آٹے کی نئی قیمت مقرر کر دی
گجرات(جی پی آئی )ڈی سی او نوازش علی کی ہدایت پر شہریوں کو مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ضلع بھر میں9مقامات پر آٹے کے سیل پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں جہاں عوام کو ایکس مل ریٹ پر 20کلو گرام آٹے کا تھیلا640روپے میں دستیاب ہوگا۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سید فرمان رضا نے بتایا کہ تحصیل گجرات میں کچہری چوک اور سستا ماڈل بازار میں آٹے کا سیل پوائنٹ قائم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جلالپور جٹاں، لالہ موسیٰ، کھاریاں، کوٹلہ ارب علی خان۔ ڈنگہ میں بھی ایک ایک جبکہ سرائے عالمگیر میں دو سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ڈی ایف سی نے بتایا کہ ان سیل پوائنٹس پر 20کلو گرام آٹے کا تھیلہ ایکس مل ریٹ پر 640روپے میں دستیاب ہوگا جبکہ مارکیٹ میں 20کلو گرام آٹے کے نرخ 670روپے مقرر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کی فلور ملز کو سیل پوائنٹس پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کا پابند بنا دیا گیا ہے تا کہ خریداری کے لئے آنے والوں کو کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے۔دریں اثناء ڈی سی او نوازش علی نے تمام اسسٹنٹ کمشنرزاور محکمہ خوراک کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ مارکیٹوں اور سیل پوائنٹس پر ضرورت کے مطابق آٹے کی سپلائی یقینی بنائی جائے اور گراں فروشی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔