گیاری سیکٹر میں ریسکیو آپریشن آٹھویں روز بھی جاری

siachen

siachen

گیاری سیکٹر : (جیو ڈیسک)گیاری سیکٹر میں شدید سرد موسم کے باوجود امدادی سرگرمیاں آٹھویں روز بھی جاری ہیں ، امدادی کاموں کے علاقے میں ایک نیا برفانی تودہ گرنے سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے تاہم شدید سرد موسم ، تندو تیز برفیلی ہواں اور ایک برفانی تودے سے برف کی نئی تہہ بھی امدادی کاموں میں مصروف جوانوں کا اپنے ساتھیوں کو بچانے کا عزم ماند نہیں کرسکی۔

آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق امدادی کاموں میں مصروف جوان تمام سختیاں جھیلتے ہوئے ریسکیو آپریشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں ، جس میں تمام تر مشینی اور مینوئل ذرائع کا بھرپور استعمال کیا جارہا ہے تاکہ جلد از جلد ترجیحی مقامات پر کھدائی کرکے نیچے متوقع مقامات تک پہنچا جاسکے۔

ترجمان کے مطابق دو نئے ترجیحی مقامات کی نشاندہی کے بعد کھدائی شروع کردی گئی ہے جبکہ کافی گہرائی میں کھدائی کے بعد شدید سخت برف کی تہہ ہٹانے کیلئے دھماکہ خیز مواد کا استعمال کیا گیا ہے ، ترجمان کے مطابق تمام تر مسائل کے باوجود سرنگ کھودنے کا کام زور و شور سے جاری ہے ، ترجمان کے مطابق پوری قوم کی دعاں سے امدادی کارروائیوں میں مصروف جوانوں کے حوصلے بلند ہیں۔