ہسپتال سے چھٹی مل گئی: یوراج سنگھ

yuvraj singh

yuvraj singh

باسٹن : ( جیو ڈیسک) بھارتی کرکٹ کھلاڑی یوراج سنگھ نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ان کی کیموتھیرپی کا تیسرا دور پورا ہونے کے بعد انہیں ہسپتال سے چھٹی مل گئی ہے۔یوراج سنگھ نے لکھا ہے کہ وہ گھر واپس لوٹنے کا اب مزید انتظار نہیں کرسکتے۔

یوراج سنگھ نے ٹوئٹر پر لکھا کیموتھیرپی کا تیسرا دور آج پورا ہوگیا ہے۔ ہسپتال سے مجھے چھٹی مل گئی ہے اور اب میں آزاد ہوں۔ بہت جلد ٹھیک ہوجاؤں گا۔ میں گھر لوٹنے کا اب اور اتنظار نہیں کرسکتا۔یوراج سنگھ نے گزشتہ ہفتے ٹوئٹر پر اپنی ایک تصویر لگائی تھی جس میں وہ ٹینس کھیل رہے تھے۔ انہوں نے لکھا تھا کہ اب میں ٹھیک ہورہا ہوں۔ ڈاکٹر جلد ہی اپنی فائنل رپورٹ دے دیں گے۔ تیس سالہ یووراچ سنگھ سرطان کی بیماری میں مبتلا ہیں اور امریکہ کے باسٹن شہر کے ایک ہسپتال میں ان کا علاج جاری ہے۔ ان کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یوراج سنگھ مئی کے مہینے میں کھیلنا شروع کرسکتے ہیں۔

پہلے یوراج کے اہل خانہ نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ انکے پھیپھڑوں میں ٹیومر ہے لیکن بعد میں طبی جانچ میں یہ پتہ چلا تھا کہ انہیں کینسر ہے۔
شروعات میں کہا گیا تھا کہ ان کا کینسر دوا سے ٹھیک ہوجائے گا لیکن بعد میں ڈاکٹروں نے فیصلہ کیا کہ یوراج سنگھ کو کیموتھیرپی کرانی پڑے گی اور اسی کے علاج کے لیے یوراج سنگھ چھبیس جنوری کو امریکہ چلے گئے تھے۔