امریکا نے داعش کو دنیا بھر کے لیے سنگین خطرہ قرار دے دیا

Isis Fighters

Isis Fighters

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا کی نیشنل انٹیلی جنس ایجنسی نے اپنی سالانہ رپورٹ میں داعش کو دنیا بھر کے لیے سنگین خطرہ قرار دے دیا ہے۔

نیشنل انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ جیمز کلیپر کی جانب سے امریکی سینیٹ کو پیش کی گئی سالانہ رپورٹ میں داعش کو امریکا کے قومی مفاد سمیت پوری دنیا کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیا گیا ہے۔

جب کہ اس رپورٹ میں امریکی مفادات کو درپیش ممکنہ خطرات کی فہرست میں ایران اور لبنان کی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ کا نام شامل نہیں کیا گیا۔ رپورٹ میں ایران اور حزب اللہ کی جانب سے شام اور عراق میں داعش کے خلاف سرگرمیوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ امریکا گزشتہ کئی سالوں سے ایران اور حزب اللہ کو دہشت گرد اور عالمی امن کے لئے خطرہ قرار دیتا رہا ہے اور سابق امریکی صدر نے ایران کو برائی کا محور بھی قرار دیا تھا۔

تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے دونوں ملکوں میں قربت دیکھنے میں آرہی ہے اور ایران کے جوہری پروگرام کے تنازعے کی شدت میں بھی کمی آئی ہے۔