بڈھنی نالے میں پانی کی سطح کم ہونا شروع، پشاور چارسدہ روڈ کھول دی گئی

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں چارسدہ روڈ پر بڈھنی نالے میں پانی کے بہاو میں کمی آنا شروع ہو گئی جبکہ چارسدہ روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ بڑا سیلابی ریلا ورسک کے مقام سے ہوتا ہوا نوشہرہ کی جانب بڑھ رہا ہے اورشہرکی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے جمعے کی دوپہر خیبرایجنسی میں موسلا دھار بارش کے باعث حیات آباد اور ناصر باغ کے برساتی نالوں میں طغیانی آگئی اور پانی حیات آباد کے کئی گھروں اور مارکیٹوں میں داخل ہوگیا جبکہ سڑکیں زیر آب اگئیں۔

سیلابی ریلہ بورڈنہر سے گزرتاہواریگی میں داخل ہوا اورتباہی مچاتا ہوا ورسک روڈ پر پیر بالا، جمعہ خان کلے،حسن گڑھی اوراس سے ملحقہ علاقوں میں سیکڑوں گھروں اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچاتے ہوئے 5 افراد کی جان بھی لے گیا۔سیلابی ریلے نے چارسدہ روڈ کے بڈھنی نالے کارخ کیا۔طغیانی کے باعث پشاوراور چارسدہ کا زمینی راستہ منقطع ہوگیا۔ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کے جوانوں نے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے کشتیوں کے ذریعے پانی میں پھنسے ڈیڑھ سو سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پرمنتقل کردیا۔

انتظامیہ کے مطابق بڈھنی نالے میں پانی کی سطح کم ہو رہی ہے جبکہ چارسدہ روڈ بھی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال سے آنے والا 50 ہزار کیوسک پانی کا سیلابی ریلا ورسک کے مقام سے ہوتا ہوا نوشہرہ کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے باعث نوشہرہ انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔