بی آر ٹی پشاور کے سفری کارڈ کی قیمت بڑھا دی گئی

BRT Peshawar Card

BRT Peshawar Card

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) پشاور کے سفری کارڈ کی قیمت 100 روپے سے بڑھا کر 250 روپے کر دی گئی ہے۔

ٹرانس پشاور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بی آر ٹی بس کے سفری کارڈ کی قیمت 100 سے بڑھا کر 250 روپے کر دی گئی ہے تاہم سفری کارڈ کے 100 روپے بیلنس میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا۔

ٹرانس پشاور کے ترجمان کے مطابق بی آر ٹی سروس کے آغاز پر 4 لاکھ 50 ہزار سے زائد سفری کارڈ مفت تقسیم کیے گئے تھے لیکن کارڈ کی قیمت 100 روپے رکھی گئی تھی جو بیلنس کی صورت میں صارفین کو فراہم کیا جا رہا تھا۔

خیال رہے کہ پشاور میں ٹرانسپورٹ کا منصوبہ بی آر ٹی تحریک انصاف کے گزشتہ دورِ حکومت میں سابق وزیراعلیٰ کے پی پرویز خٹک نے شروع کیا تھا جو کئی تاریخوں کے باوجود مکمل نہیں ہو سکا تھا۔

اکتوبر 2017 میں شروع ہونے والے اس منصوبے کو خیبر پختونخوا حکومت نے 6 ماہ کے اندر مکمل کرنے کا دعویٰ کیا تھا جب کہ منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 49 ارب روپے لگایا گیا لیکن منصوبے پر 71 ارب روپے سے بھی رقم خرچ ہوئی۔