بجٹ اجلاس : ایران سے آئندہ سال گیس نہ خریدی تو جرمانہ دینا ہو گا، نوید قمر

Naveed Qamar

Naveed Qamar

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی اجلاس کے دوران آج بھی ارکان کے درمیان اہم مسائل پر بحث جاری رہی ، سابق وزیرپانی بجلی نے خبردار کیا کہ 2014 میں ایران سے گیس نہ خریدی تو اربوں ڈالر جرمانہ بھرنا ہوگا، مشیر خارجہ امور کہتے ہیں آنے والے وقتوں میں ڈرون حملے روکنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رکن نوید قمر نے کہا کہ ایران سے گیس نہ خریدی تو کیا امریکا جرمانہ ادا کرے گا، انہوں نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہوگا، کسی سے مدد کی توقع نہ رکھی جائے ، وزیرپانی وبجلی خواجہ آصف نے کہا کہ آیندہ بیس سے بائیس دنوں میں حکومت توانائی پالیسی کا اعلان کرے گی ، ہمارا ہدف لوڈشیڈنگ میں کمی کرنا ہے۔

اس سے پہلے تحریک انصاف کی شیریں مزاری نے توجہ دلاو نوٹس پر کہا کہ ڈرون حملے جاری ہیں، حکومت نے انہیں روکنے کیلیے کچھ نہیں کیا، وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا وزیراعظم نے واضع کر دیا ہے کہ ڈرون حملوں سے دونوں ممالک کے تعلقات پر اثر پڑتا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح کا اجلاس جلد ہونے والاہے، پی پی کے خورشید شاہ نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ حل کرنے کا سنہری موقع ہے، حکومت مضبوط ہے اور بلیک میلنگ والی صورت حال نہیں،اسٹیبلشمنٹ حکومت کے ساتھ مل کر بلوچستان کا مسئلہ حل کرے۔