چین : سی چوان میں زلزلے سے ہلاکتیں 156 ہوگئی، 5 ہزار سے زائد زخمی

China Earthquake

China Earthquake

بیجنگ(جیوڈیسک)چین کے صوبے سی چوان میں زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 156 ہوگئی جبکہ ساڑھے 5 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں، چینی وزیراعظم نے متاثرہ علاقے کا فضائی جائزہ لے کر امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

چین کے صوبے سی چوان میں مقامی وقت کے مطابق 8 بجکر 2 منٹ پر 7.0 کی شدت کے زلزلے سے زمین لرز اٹھی، زلزلے کے شدید جھٹکوں کے بعد لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

زلزلے سے کئی عمارتیں اور مکانات تباہ ہوگئے جبکہ متاثر علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ ہے۔ عمارتوں اور مکانات کے ملبے سے لوگوں کو نکالنے کیلئے 6 ہزار سے زائد فوجی اور پولیس اہلکار امدادی کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔

زخمیوں کو محفوظ مقامات پر لگائے گئے مراکز میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ چینی وزیر اعظم نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا ہیلی کاپٹر کے ذریعے جائزہ لیا اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے پر زور دیا۔