کورونا وبا؛ مزید 57 افراد جاں بحق، مثبت کیسز میں تشویشناک اضافہ

Coronavirus Cases

Coronavirus Cases

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 57 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ مثبت کیسز میں روز بروز تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے آج بھی کورونا کے ایک دن میں 4 ہزار 767 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45 ہزار 656 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد ایک کروڑ 066 ہزار 72 ہو گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 767 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ برس جون میں پاکستان میں کورونا کی صورتحال سب سے زیادہ تشویشناک تھی اور اُس دوران کورونا کے کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا تھا اور سب سے زیادہ مثبت کیسز رپورٹ ہورہے تھے۔

اس سے قبل 6 جون 2020 کو ایک دن میں سب سے زیادہ 4 ہزار 734 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 54 ہزار 591 ہوگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ64 ہزار 607 ، پنجاب میں 2 لاکھ 12 ہزار 918، خیبر پختونخوا میں 84 ہزار 609، اسلام آباد میں 55 ہزار 594، بلوچستان میں 19 ہزار 497، آزاد کشمیر میں 12 ہزار 367 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 999 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 44 ہزار 447 ہے۔ جب کہ 3 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 57 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 14 ہزار 215 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 2 ہزار 647 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 95 ہزار929 ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہو جاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہو جاتا ہے۔