کورونا کی دوسری لہر کے دوران پنجاب میں اب تک کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ

Coronavirus - Pakistan

Coronavirus – Pakistan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران پنجاب میں اب تک کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آ گئے۔

پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 340 نئےکیسز سامنے آئے ہیں جو کورونا کی دوسری لہر کے دوران اب تک سب سے زیادہ تعداد ہے۔

ترجمان محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کورونا کے 9 ہزار 30 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 340 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے۔

محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے صوبے میں 7 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی کُل تعداد 2 ہزار 372 ہو گئی ہے۔

پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی بڑھ کر ایک لاکھ 4 ہزار 894 ہو گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف لاہور میں 148 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، لاہور میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 52 ہزار 551 اور جاں بحق افراد کی تعداد 929 ہو چکی ہے۔

طبی ماہرین کہتے ہیں کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر چل رہی ہے، شہریوں کی بے احتیاطی حالات کو خراب کر سکتی ہے۔

طبی ماہرین نے ہدایت کی ہے کہ شہری خود کو اور اپنے پیاروں کو کورونا سے بچانے کے لیے ماسک پہنیں، بار بار ہاتھ دھوئیں اور باہمی میل جول کم کر کے سماجی فاصلہ رکھیں۔