ملک میں ایک دن میں پولیو کے 5 نئے کیس سامنے آگئے

Polio

Polio

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر میں ایک دن میں پولیو کے 5 نئے کیس سامنے آئے ہیں، اس طرح اس سال پولیو سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 171 ہو گئی ہے۔ قومی ادارہ صحت کے ذرائع کے مطابق پولیوکے نئے کیس کراچی، کوئٹہ، ٹانک، رزمک اور خیبر ایجنسی میں سامنے آئے ہیں۔

کراچی میں پولیو سے متاثر ہونے والا 2 سالہ بلال لیاقت آباد کا رہائشی ہے جبکہ سندھ میں پولیو کیسز کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے رپورٹ اقوام متحدہ میں پیش کی ہے جس کے مطابق دنیا بھر میں وائرس کا شکار 10 میں سے 9 بچوں کا تعلق پاکستان سے ہے۔

دوسری جانب پولیو وائرلوجی لیبارٹری قومی ادارہ صحت نے اگست میں ملک کے 11 شہروں کے سیوریج کے نمونے حاصل کیے۔ لیبارٹری نتائج کے مطابق ان میں سے 6 بڑے شہروں لاہور ، کراچی ، راول پنڈی ، کوئٹہ ، جیکب آباد اور حیدرآباد کے سیوریج میں گٹر کے پانی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

لاہور کے علاقے مین آوٹ فال روڈ پمپ اسٹیشن سے حاصل نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا۔ کراچی کے سجن گوٹھ بلدیہ اور سہراب گوٹھ گڈاپ ٹاون میں پولیو وائرس موجود ہے۔ راول پنڈی کے کئی علاقوںمیں سیوریج کے پانی میں بھی پولیو وائرس پایا گیا۔ اسلام آباد ، ملتان ، سکھر اور فیصل آباد کے سیوریج میں پولیووائرس نہیں پایا گیا۔ ماہرین کہتے ہیں کہ پولیو کی مسلسل اور موثر مہمات ہی اس خطرناک وائرس کا مقابلہ کرسکتی ہیں۔