ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری سے موسم سرد ہو گیا

Snow Falling

Snow Falling

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری سے موسم سرد ہو گیا ہے۔ ایبٹ آباد میں درخت اور سڑکیں برف میں چھپ گئے ہیں۔ مری میں گزشتہ روز موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد موسم شدید سرد ہو گیا ہے اور ملک بھر سے بڑی تعداد میں سیاحوں نے مری کا رخ کر لیا ہے۔

ضلع ایبٹ آباد میں نتھیا گلی اور گلیات میں گزشتہ روز کی شدید برفباری کے بعد سردی بڑھ گئی ہے۔ جگہ جگہ سڑکوں پر برف کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔ لوئر اور اپر دیر میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے بعد آج موسم صاف ہے۔

مالاکنڈ ڈویژن میں چترال اور گردو نواح میں موسم ابر آلود ہے۔ آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں وادی نیلم، وادی لیپہ اور کرنالہ کے پہاڑوں پر برفباری اور شہری علاقوں میں بارش سے وادی کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

گلگت بلتستان اور بلوچستان کے شمالی علاقے بھی سردی کی لپیٹ میں ہیں جس کی وجہ سے جلانے کی لکڑی کے دام بڑھ گئے ہیں۔