جمہوریت کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار حکومت ہو گی: منظور وٹو

Manzoor Wattoo

Manzoor Wattoo

لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے حکومت سے سیاسی ڈیڈلاک کو فورًا ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالات بڑی تیزی سے ناقابل واپسی پوائنٹ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جمہوریت کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ حکومت پر عائد ہو گی۔

انہوں نے باور کرایا کہ حالات کو ٹھیک کرنے کے لیے حکومت کے پاس کئی آپشنز ہیں مگر یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ حکومت حالات کی سنگینی کا کیوں ادراک نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کرنے کے لیے ڈور کریشنگ بھی کرنا پڑے تو اسے کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کو دوسری سیاسی جماعتوں سے بھی جلد از جلد رابطے کرنے چاہئیں کیونکہ وہ بھی اس سیاسی نظام میں سٹیک ہولڈرز ہیں اور وہ موجودہ صورتحال پر سخت تشویش رکھتے ہیں کیونکہ حالات بد سے بد تر ہوتے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو سیاسی کارکنوں یا ان کے قائدین کو گرفتار کرنے کے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہنا چاہیے کیونکہ ایسے اقدمات سے وہ سیاسی طور پر اور بھی الگ تھلگ ہو جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر تیسری دفعہ بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت وقت سے پہلے ختم ہو گئی تو پھر اس پارٹی کا سیاسی مستقبل ہمیشہ کے لیے تاریک ہو جائے گا۔