مشرق میں حالات تشویشناک، ایران میں اموات کی تعداد میں بدستور اضافہ

Coronavirus

Coronavirus

ایران (اصل میڈیا ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے اموات کی تعداد 14 ہزار 704 تک پہنچ چکی ہے۔

چین میں وباء کی ابتدا سے لے کر اب تک 3 ہزار 270 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور مریضوں کی تعداد 81 ہزار 54 ہو گئی ہے۔

ایران میں وائرس کے نتیجے میں اموات کی تعداد 1685 ہو گئی ہے۔

عراق میں وباء کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 اور مریضوں کی تعداد 233 ہو گئی ہے۔ ملک میں جاری کرفیو کے دورانیے میں مزید ایک ہفتے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

فلسطین کے وزیر اعظم محمد اشتیہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کووِڈ۔19 کے خلاف جدوجہد کے دائرہ کار میں ڈاکٹروں، میڈیکل عملے اور بیکری مالکان کے علاوہ ہر ایک کے لئے کل شام مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے سے کرفیو نافذ کر دیا جائے گا۔

اسرائیل میں کورونا وائرس کی وجہ سے ایک موت واقع ہو چکی ہے۔ مریضوں کی تعداد ایک ہزار 71 ہے جن میں سے 18 کی حالت نازک ہے۔

لبنان میں مریضوں کی تعداد 230 ہو گئی ہے اور وزیر اعظم حسن دیاب نے شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔

الجزائر میں اموات کی تعداد 15 اور مریضوں کی تعداد 139 ہے ۔ وزیر صحت عبدالرحمٰن بن ابوزید نے کہا ہے کہ ” ہم بُرے ترین حالات کے لئے تیاریاں کر رہے ہیں”۔

تیونس میں کورونا کی وجہ سے جانوں سے ہاتھ دھونے والوں کی تعداد 3 اور مریضوں کی تعداد 75 تک پہنچ گئی ہے۔ اطلاع کے مطابق ملک کو آج سے لے کر 4 اپریل تک قرنطینہ میں لے لیا جائے گا۔

سینیگال میں کورونا وائرس کے 56 کیس ریکارڈ کئے گئے ہیں۔

چاڈ میں ایک مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

شام میں بیرون ملک سے لوٹنے والے ایک شخص میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں واقع مسجد اقصیٰ کو کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کے دائرہ کار میں صبح نماز فجر کے بعد سے مکمل طور پر عبادت کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔

ملائشیا میں وائرس کے نتیجے میں 10 اموات ہو چکی ہیں اور مریضوں کی تعداد ایک ہزار 306 تک پہنچ گئی ہے۔ فوج نے عوام کی روز مرّہ نقل و حرکت کو محدود کرنے کے لئے فرائض کا آغاز کر دیا ہے۔

مراکش میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 104 اور سعودی عرب میں 511 ہو گئی ہے۔