مصر : کرونا وائرس کے 1218 نئے کیسز اور 88 مزید اموات

Egypt Coronavirus

Egypt Coronavirus

مصر (اصل میڈیا ڈیسک) مصر میں وزارت صحت کے اعلان کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ 1218 نئے کیسوں اور 88 مزید اموات کا اندراج ہوا ہے۔ اس دوران 387 مریض صحت یاب ہو کر ہسپتالوں اور قرنطینہ کے مراکز سے باہر آئے۔ اس طرح ملک میں اب تک اس وبائی مرض سے چھٹکارہ پانے والوں کی مجموعی تعداد 13528 ہو چکی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق گذشتہ روز جمعرات تک مصر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 50437 تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں اب تک 1938 افراد فوت ہو چکے ہیں۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ تمام متاثرین کو ہسپتالوں اور قرنطینہ کے مراکز میں رکھ کر عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق طبی نگہداشت اور علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

وزارت کے مطابق کرونا سے متاثرہ افراد کا سب سے زیادہ تناسب قاہرہ میں ہے۔ اس کے بعد الجیزہ اور پھر القلیوبیہ ہے .. جب کہ البحر الاحمر ، مطروح اور جنوبی سیناء کے صوبوں میں اس وبائی مرض کا تناسب سب سے کم ہے۔

وزارت صحت نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر ، احتیاطی اقدامات اور سماجی فاصلے کی مکمل پابندی کریں۔