یورپ میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئیں

Coronavirus

Coronavirus

یورپ (اصل میڈیا ڈیسک) نئے کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں یورپ میں ہونے والی ہلاکتیں اب ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہیں۔ دنیا بھر میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تیس لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔

عالمی سطح پر نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تیئس لاکھ سے بڑھ گئی
یورپ میں اس وبا کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتیں ایک لاکھ سے تجاوز کر گئیں
امریکا میں لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہروں کا انعقاد
یورپ میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوز

نئے کورونا وائرس کی وجہ سے ہفتے کے دن یورپ میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ ان میں سے صرف اسپین میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بیس ہزار کے قریب بنتی ہے۔ اس عالمی وبا کی وجہ سے عالمی سطح پر اموات کی تعداد ایک لاکھ ساٹھ ہزار ہو چکی ہے۔ تازہ ترین معلومات کے مطابق اس وقت اس بیماری سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 2.3 ملین ہو چکی ہے۔ کووڈ انیس کے پھیلاؤ کو سست کرنے کی خاطر دنیا بھر میں 4.5 بلین افراد براہ راست سماجی رابطوں کو ختم کرتے ہوئے گھروں پر مقید ہیں۔

لاک ڈاؤن کے خلاف امریکا میں مظاہرے

امریکا کی کئی ریاستوں میں لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہروں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ پیر کے دن سے کئی ریاستوں میں مرحلہ وار لاک ڈاؤن ختم کرنا شروع کر دیا جائے گا۔ امریکا میں نئے کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد سات لاکھ تیس ہزار سے زائد ہے جبکہ اڑتیس ہزار چھ سو سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں بظاہر ان مظاہروں کی حمایت کی ہے۔

جرمنی میں کورونا وائرس کے قریب ڈھائی ہزار کیسز کا اضافہ

جرمنی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں گزشتہ روز چوبیس سو اٹھاون نئے کیسز کا اضافہ ہوا۔ جرمنی کے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ برائے متعدی امراض کی جانب سے اتوار کے روز بتایا گیا ہے کہ اب جرمنی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ انتالیس ہزار آٹھ سو ستانوے ہو گئی ہے۔ ہفتے کے روز تین ہزار چھ سو نو کیس رپورٹ کیے گئے تھے۔ جرمنی میں اس وائرس سے مزید ایک سو چوراسی افراد ہلاک ہوئے ہیں اور اس طرح یہاں اس متعدی وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چار ہزار دو سو چورانوے ہو گئی ہے۔ جرمنی میں جمعے کو دو سو ننانوے اور ہفتے کو دو سو بیالیس ہلاکتوں کا بتایا گیا تھا۔

بل گیٹس کورونا وائرس کے خلاف ویکیسن کی تیاری کے حوالے سے پرامید

مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ اگلے سال کے آخر تک کورونا وائرس کے خلاف ویکسین تیار ہو جائے گی۔ ہفتے کی رات ورچوئل ”ون ورلڈ، ٹوگیدر ایٹ ہوم‘‘ نامی کانسرٹ میں بل گیٹس نے کہا کہ کئی طرح کی ممکنہ ویکسینز اس وقت موجود ہیں اور وہ پرامید ہیں کہ کوئی موثر ویکسین اگلے سال کے آخر تک موجود ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وائرس کا خاتمہ اس وقت ہو گا جب دنیا میں ہر شخص کی کورونا وائرس کے خلاف ویکسین تک رسائی ہو گی۔

تھائی لینڈ میں نئے کورونا وائرس کے 32 نئے کیس

تھائی لینڈ میں مزید 32 افرادمیں نئے کورونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے، تاہم بتایا گیا ہے کہ وہاں کوئی نئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ تھائی لینڈ میں اب نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد دو ہزار سات سو پینسٹھ ہو گئی ہے۔ اتوار کے روز تھائی حکام نے بتایا کہ ان نئے کیسز میں سے 28 دارالحکومت بنکاک میں سامنے آئے۔ حکومت کے مرکز برائے کووِڈ انیس کے مطابق ملک بھر میں اس وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 47 ہیں۔

امریکا سے گوئٹے مالا واپس بھیجے گئے تارکین وطن میں سے 32 میں کورونا وائرس کی تشخیص

امریکا بدر کر کے گوئٹے مالا واپس بھیجے گئے تارکین وطن میں سے 32 میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ گوئٹے مالا کی وزارت صحت کے مطابق یہ غیرقانونی تارکین وطن رواں ہفتے کے آغاز پر ایک خصوصی پرواز کے ذریعے امریکا سے گوئٹے مالا بھیجے گئے تھے۔ حکام کے مطابق ان میں سے ایک میں پیر کو اس وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جب کہ جمعے کو 12 اور ہفتے کو مزید 19 تارکین وطن میں نئے کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ ٹرمپ حکومت گوئٹے مالا پر زور دے رہی ہے کہ وہ موجودہ صورت حال میں بھی امریکا بدر کیے جانے والے اپنے شہریوں کو قبول کرے۔