فیصل آباد : زہریلی شراب پینے سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں زہریلی شراب پینے سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے جبکہ 10 سے زائد متاثرہ افراد سرکاری اور نجی اسپتالوں میں داخل ہیں۔ پولیس نے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ فیصل آباد میں شراب نوشی کے ذریعے خوشی کی محفلیں سجانے والے نوجوانوں کے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی۔ فیصل آباد کے تھانہ بٹالہ کالونی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے ملکر شراب نوشی کی محفل سجائی۔

شراب زہریلی ہونے کے باعث ان سب کی حالت غیر ہو گئی۔ متعدد موت کی آغوش میں چلے گئے۔ بیشتر متاثرہ افراد کو پہلے نجی اسپتالوں میں رکھا گیا مگر حالت غیر ہونے پر الائیڈ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سی پی او عبدالرزاق چیمہ نے دنیا سے بات کرتے بتایا کہ شراب نوشی کے دو واقعات ہوئے ہیں جن میں سے ایک تھانہ بٹالہ کالونی اور دوسرا تھانہ گلبرگ کے علاقے میں ہوا ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق مرنے والے بیشتر افراد دوست ہیں۔ ہلاک ہونیوالوں اور متاثرہ افراد کے لواحقین کا کہنا ہے کہ زہریلی شراب فرو خت کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔